0
Thursday 23 Sep 2010 14:17

صدر مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں،انکے خلاف دوسری حکومت کو نہیں لکھا جا سکتا،وزارت قانون کی سمری

صدر مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں،انکے خلاف دوسری حکومت کو نہیں لکھا جا سکتا،وزارت قانون کی سمری
اسلام آباد:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزارت قانون نے سوئس کیس کھولنے کی سمری وزیراعظم کو بھیجنے کیلئے تیار کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق وزارت قانون کی جانب سے وزیراعظم کو بھیجنے کیلئے تیار کی گئی سمری میں لکھا ہے کہ سوئس مقدمات بند ہو چکے ہیں،ان کو کھولنے کی ضرورت نہیں۔صدر پارلیمنٹ کا حصہ ہیں اور ان کو استثنیٰ بھی حاصل ہے،ان کے خلاف دوسری حکومت کو لکھنا خودمختاری کیخلاف ہے۔سمری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ صدر مسلح افواج کے سپریم کمانڈر ہیں،انکے خلاف دوسری حکومت کو نہیں لکھا جا سکتا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے منگل کو این آر او عمل درآمد کیس کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری قانون کو عدالت میں طلب کر کے اپنے فیصلے کی روح کی عین مطابق سوئس حکام کو خط لکھنے کیلئے سمری وزیراعظم کو بھجوانے کا حکم دیا تھا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت قانون نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ سوئس مقدمات کھولنے سے متعلق خط نہیں لکھا جائے گا،کیونکہ قانون کے مطابق صدر مملکت کے خلاف کسی دوسرے ملک کو خط نہیں لکھا جا سکتا۔این آر او پر عملدرآمد سے متعلق کیس کی گزشتہ سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ نے سیکریٹری قانون مسعود چشتی کو طلب کیا تھا اور حکم صادر فرمایا تھا کہ سوئس مقدمات کو کھولنے سے متعلق سمری وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کو بھیجوائی جائے،تاکہ سوئس حکومت کو خط لکھا جا سکے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے اس حکم پر وزارت قانون نے سمری تیار کر لی ہے،جس میں واضح کیا گیا ہے کہ صدر کے خلاف مقدمات سے متعلق خط دوسرے ملک کو نہیں لکھا جا سکتا کیونکہ وہ سپریم کمانڈر ہیں اور قانون کے مطابق انہیں استثنیٰ حاصل ہے۔ یاد رہے کہ اس مقدمہ میں متعدد بار سپریم کورٹ کی جانب سوئس مقدمات کھولے جانے کا حکم دیا گیا ہے،تاہم ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو سکا۔اسی مقدمہ کی سماعت کے دوران مئی میں اٹارنی جنرل اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ صدر آصف علی زرداری سے متعلق سوئس کیسز کا معاملہ ختم ہو چکا ہے،جس پرجسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کے ججوں نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔سابق اٹارنی جنرل انور منصور بھی تحریری طور پر سپریم کورٹ کو آگاہ کر چکے ہیں کہ وزیر قانون بابر اعوان فیصلے پر عملدرآمد میں رکاوٹ ہیں۔
عدالت عظمیٰ نے سولہ دسمبر 2009 کو این آر او کے خلاف فیصلہ دیا تھا کہ اور سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کے دور میں این آر او کے تحت معاف کیے گئے تمام مقدمات کھولنے کا حکم دیا تھا۔
صدر کو استثنیٰ حاصل ہے،سوئس حکام کو خط نہیں لکھا جاسکتا،وزارت قانون نے سمری وزیراعظم کو بھجوا دی
اسلام آباد:وفاقی وزارت قانون کے نافرمان آقاؤں نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو دوٹوک الفاظ میں تحریری بیان بھیجا ہے کہ صدر آصف علی زرداری کے خلاف سپریم کورٹ کے این آر او کے متعلق فیصلے کی روشنی میں صرف اسی صورت میں مقدمہ چل سکتا ہے،جب وہ بحیثیت صدر اپنے عہدے کی مدت پوری کر لیں اور سپریم کورٹ کے ججوں سے درخواست کی جائے کہ وہ 2013ء تک اس وقت تک کیلئے فیصلے پر عملدرآمد روک دیں،جب تک صدر مملکت ایوانِ صدر سے باہر قدم نہ رکھ دیں۔
اس سلسلے میں زبردست پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس افتخار محمد چوہدری، جنہیں 25 ستمبر کو اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستانی عدلیہ اور موجودہ سیاسی نظام کے متعلق لیکچر دینے کیلئے امریکا جانا تھا،نے این آر او مقدمات کے فیصلے پر عملدرآمد اور ملک میں ہونے والی ڈرامائی پیش رفت کی وجہ سے اپنا دورہ امریکا اچانک منسوخ کر دیا ہے۔اسی دوران 52 صفحات پر مشتمل سمری،جس کی نقل جمعہ کو سپریم کورٹ میں پیش کی جائے گی،میں وزیراعظم گیلانی کو دو مشورے دیئے گئے ہیں۔خیال کیا جاتا ہے کہ یہ دو تجاویز کمرہ عدالت میں طوفان برپا کر دیں گی،کیونکہ جج صاحبان شاید انہیں پسند نہ کریں۔کئی اندرونی ذرائع کے مطابق،سپریم کورٹ اور حکومت کے درمیان 16 دسمبر 2009ء کو این آر او کے متعلق فیصلہ آنے کے بعد شروع ہونے والی رسہ کشی بالآخر اب آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے،کیونکہ اب گنتی شروع ہو گئی ہے اور ماضی کے برعکس حکومت نے بھی میدان جنگ چھوڑ کر بھاگنے کی بجائے ”کرو یا مرو“ کی پالیسی اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم گیلانی کو بھیجی گئی سمری میں چند دلائل موجود تھے،جن کے حوالے سے وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے چند وفاقی وزراء کے ساتھ پیش ہو کر اس وقت وضاحت پیش کی تھی جب سپریم کورٹ نے انہیں طلب کیا تھا۔آفیشل سمری میں این آر او مقدمات کا مکمل پس منظر پیش کیا گیا ہے،حتیٰ کہ اس سمری میں مختلف مواقعوں پر عدالتوں کی جانب سے سنائے جانے والے فیصلے بھی سمری کا حصہ بنائے گئے ہیں۔اس کے علاوہ،سابق سیکریٹری قانون عقیل مرزا کے ذریعے جمع کرائی گئی درخواستوں اور مختصر فیصلوں کے بعد جمع کرائے گئے وزارت قانون کے جوابات کو بھی اس دھماکہ خیز سمری کا حصہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اب تو وزیراعظم گیلانی بھی ذہنی طور پر اپنے محصور صدر کو بچانے کیلئے کسی بھی مہم جوئی کا سامنا کرنے کو تیار ہو چکے ہیں،کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ مسٹر زرداری کو بحیثیت صدر مکمل آئین پاکستان کے تحت استثنیٰ حاصل ہے اور سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت سوئس حکام کو خط لکھنے کیلئے وہ کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔سمری میں وزیراعظم گیلانی کو بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات آئینِ پاکستان کے مطابق نہیں ہیں اور اگر ان پر عمل کیا گیا تو پاکستان کو جمہوری طور پر منتخب ہونے والے اپنے صدر کو دوسرے ملک کے حوالے کرنا پڑے گا اور یہ 180 ملین عوام کیلئے مشکل سے حاصل کی گئی آزادی سے دستبردار ہونے کے مترادف ہو گا۔وزارت قانون کے سیکریٹری مسعود چشتی نے اپنی سمری میں وزیراعظم کو یہ بھی بتایا ہے کہ ایک ریاست سے یہ امید نہیں کی جا سکتی کہ وہ جمہوری انداز سے منتخب ہونے والے اپنے صدر کو کسی کے حوالے کر دے گی،ریاست کا صدر مسلح افواج کا سپریم کمانڈر بھی ہے۔
سمری میں وزیراعظم گیلانی کو کچھ آپشنز بھی دیئے گئے ہیں،جن کے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ایک بڑا طوفان برپا کر دیں گے ،کیونکہ امکان ہے کہ سپریم کورٹ ان تجاویز کو پسند نہیں کرے گی۔ اپنے پہلے آپشن میں وزارت قانون نے کہا ہے کہ سوئس مقدمات کے حوالے سے تحقیقات پہلے ہی بند کی جا چکی ہیں اور سوئس پراسیکیوٹر بھی یہ بات کہہ چکے ہیں جس کی توثیق سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان کر چکے ہیں۔
دوسرا آپشن یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر قانون اور آئین کے مطابق صرف اسی صورت میں عمل کیا جا سکتا ہے،جب صدر زرداری منتخب صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کی مدت مکمل کر لیں گے اور سپریم کورٹ سے درخواست کی جا سکتی ہے کہ وہ اس وقت تک اپنے فیصلے پر عمل درآمد روک دے۔مزید برآں،سمری میں وزیراعظم کے علم میں یہ بات بھی لائی گئی ہے کہ این آر او کے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کیا گیا ہے۔لہٰذا،مزید کوئی اقدام کرنا باقی نہیں رہ گیا۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی آزادی کی بنیاد اس کے نظریات ہیں،جس کے تحت منتخب نمائندے اس کے تحفظ کا اختیار صدر مملکت کے عہدے کو دیتے ہیں اور فی الوقت یہ عہدہ آصف علی زرداری کے پاس ہے۔لہٰذا غیر ملکی سرزمین پر پاکستان کے آئینی طور پر منتخب صدر کے خلاف عدالتی کارروائی 180 ملین پاکستانی عوام کی آزادی سے دستبرداری کے مترادف ہو گا۔صدر زرداری کے خلاف سوئس حکام کو خط نہ لکھنے کی مزید وجوہات بیان کرتے ہوئے سمری میں بتایا گیا ہے کہ آئین کے مطابق،پارلیمنٹ ایک منتخب صدر اور دو ایوانوں (قومی اسمبلی اور سینیٹ) پر مشتمل ہوتی ہے۔یہ اتحاد ناقابل تقسیم ہے۔ان تینوں عناصر کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے کی کوئی بھی کوشش آئینی انتظامات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہو گا۔آئین پاکستان کی اسکیم اور اس کا ڈھانچہ صدر پاکستان کے حوالے سے واضح تصویر پیش کرتا ہے۔لہٰذا صدر مملکت کے عہدے کی نفی کی جا سکتی ہے اور آزادی کے تحفظ اور ملک کے اتحاد کی خاطر نہ ہی انہیں نمائندگی کی اس صلاحیت سے انہیں محروم کیا جا سکتا ہے۔اس عہدے کو عدالتی کارروائی کے نذر کرنے سے آئینی طور پر بنائے گئے اور جمہوری انداز سے ڈیزائن کئے گئے ریاستی اتحاد کو خطرہ لاحق ہو جائیگا۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی آزاد ریاست اس بات کی متحمل نہیں ہو سکتی کہ وہ آسانی سے اپنی آزادی سے دستبردار ہو جائے اور یہ آئین کے برخلاف ہے۔سوئس حکام کی جانب سے عدالتی کارروائی بند کرنے،جس کے خلاف کوئی اپیل نہیں کی گئی،کے واقعہ نے اپنی حتمی صورت اختیار کر لی ہے،لہٰذا یہ مقدمات دوبارہ کھولنے کا کوئی منطقی جواز باقی نہیں ہے اور مزید یہ ان کی کوئی علاقائی افادیت بھی موجود نہیں ہے۔سمری میں بتایا گیا ہے کہ سوئس قوانین کے مطابق یہ مقدمات دوبارہ بحال بھی نہیں ہو سکتے،کیونکہ مذکورہ ملک کے سرکاری وکیل نے اپنی بات واضح کر دی ہے،لہٰذا کوئی مزید اقدام نہیں کیا سکتا۔
سمری کے مطابق،اس کے برعکس کوئی اقدام کرنے کی کوشش نقصان دہ اور پاکستانی عوام کیلئے ہزیمت کا باعث بن سکتی ہے۔ سمری میں مزید بتایا گیا ہے کہ عملی لحاظ سے دیکھا جائے تو یہ معاملہ ماضی کا حصہ اور ایک بند فائل بن چکا ہے اور اس پر مزید کوئی کام نہیں ہو سکتا۔سمری کے مطابق آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت کسی شخص کو جسے گرفتار کیا گیا ہو،مذکورہ گرفتاری کی وجوہ سے جس قدر جلد ہو سکے،آگاہ کئے بغیر نہ تو نظر بند رکھا جائے گا اور نہ اسے پسند کے کسی قانون پیشہ شخص سے مشورہ کرنے اور اس کے ذریعے صفائی پیش کرنے کے حق سے محروم کیا جائے گا۔
سمری میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ ماضی کے نظریے پر عمل میں ناکام ہوگئی ہے اور مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کارروائی بند کر دی گئی۔سمری کے مطابق،سپریم کورٹ نے یہ کہنے میں غلطی کر دی کہ اس وقت اے جی پر یہ لازم تھا کہ وہ سپریم کورٹ میں وہ ہدایت نامہ یا اس اتھارٹی کو پیش کرے،جس کے حوالے سے مختلف حکام،عدالتوں اور غیر ملکی عدالتوں بشمول سوئٹزرلینڈ کو خطوط لکھے جاتے تھے۔عدالت ہذا نے اس بات کی تعریف نہیں کی کہ اسی منطق کی بنیاد پر اس وقت کے اے جی نے اصل درخواست پر 1997ء میں کارروائی شروع کرنے کیلئے سوئس حکام کو جب خط لکھا تھا تو یہ اقدام کسی قانونی جواز کے بغیر تھا اور اس کا کوئی قانونی اثر نہیں تھا۔
سمری میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی علاقائیت سے ماورا بین الاقوامی قانون کے نظریے کی رو سے سپریم کورٹ سے یہ کہنے میں غلطی ہوئی کہ اس کے پاس اختیارات ہیں کہ وہ وفاقی حکومت کو پاکستان سے باہر درخواستوں،دعووں اور مقدمات و کارروائیوں کو بحال کرنے کا حکم جاری کرے۔ 7 اکتوبر 1997ء کو اس وقت کے اے جی کی جانب سے لکھے گئے خط میں نام نہاد باہمی معاونت کے نام پر بینظیر بھٹو اور بیگم بھٹو کے خلاف شریک ملزمان کے ساتھ جعلی کارروائیاں شروع کی گئیں۔اس وقت کی حکومت کی بدنیتی اس خط سے واضح ہو جاتی ہے کہ جس میں یہ واضح طور پر درج ہے کہ یہ خط پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر سیف الرحمن (سابق چیئرمین احتساب بیورو) کی ایماء پر لکھا گیا تھا۔
ریکارڈ سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بینظیر بھٹو اور بیگم بھٹو کو مقدمات میں پھنسایا گیا تھا اور یہ سب سیاسی محرکات کا نتیجہ اور بدلے کا شاخسانہ تھے۔وزیراعظم گیلانی کو بتایا گیا ہے کہ حضرت محمد مصطفی ص کی جانب سے میثاق مدینہ کے تحت مدینہ منورہ میں اٹھائے گئے اقدامات اور 1973ء کے آئین کے آرٹیکل 2-A کی روشنی میں عدالت میں مزید کوئی بڑی مثال پیش نہیں کی جا سکتی۔جس فیصلے کی نظرثانی کی جا رہی ہے اس میں بات کو نوٹ کرنے میں ناکامی ہوئی،لہٰذا یہ جائزہ پیش کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم گیلانی کو سمری میں بھی بتایا گیا ہے کہ قانون کی کتاب کے حوالہ جات تو بہت پیش کئے جاتے ہیں،لیکن جمہوریت یا پارلیمنٹ کی بالادستی کے باب کو یکسر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔اس کتاب کے تحت اگر عدالت کالے کو سفید اور سفید کو کالا قرار دے،تو اسے چیلنج نہیں کیا جاسکتا،لیکن یہ پہلو ایک غلطی ہے جسے ایک ایسے ملک میں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جہاں آئین کے تحت سیاسی نظام کی بنیاد پارلیمانی جمہوریت ہے۔لہٰذا،این آر او نے اہم سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو پاکستان واپس آنے کا اہل بنایا اور انہیں آزاد اور منصفانہ انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی اور فوجی آمریت سے اختیارات لے کر جمہوریت کے قیام میں مدد دی۔مصالحت کے اس عمل نے نتیجتاً ملک میں جمہوریت کی بحالی کی وجہ فراہم کی۔این آر او کے نتیجے میں جمہوریت آنے سے پوری قوم کو فائدہ پہنچا ہے، ایک فوجی آمر نے اپنی وردی چھوڑی اور حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین برداشت کا بہتر سیاسی ماحول پیدا ہوا۔مزید اہم یہ ہے کہ آزاد عدلیہ سے پوری قوم کا فائدہ ہو رہا ہے۔
سمری میں بتایا گیا ہے کہ یہ ریکارڈ کی بات ہے کہ چند رہنماؤں (شہباز اور نواز شریف) نے قومی مصالحتی آرڈیننس سے پہلے پاکستان واپسی کی کوشش میں پہلے لاہور اور اس کے بعد اسلام آباد میں لینڈنگ کی،لیکن انہیں واپس بھگا دیا گیا اور کسی میں ہمت نہیں تھی کہ وہ انہیں جلاوطن کرنے والے شخص کے پنجوں سے آزاد کرائے۔سمری میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے یہ تجویز پیش کرنے میں بھی غلطی کی کہ این آر او اطلاق عام جرائم پر نہیں ہوتا۔اس کے برعکس،اگر عالمی سطح پر تسلیم کئے جانے والے جرائم میں معافی دی جا سکتی ہے تو اس بات کا جواز نہیں ہے کہ قومی مصالحت کے نام پر دیگر نوعیت کے مقدمات ختم نہیں کئے جا سکتے۔ جو بات قابل غور ہے وہ مبینہ جرائم کی بجائے نشانہ بنایا جانا ہے۔یہ بات غور طلب ہے کہ جنرل پرویز مشرف کے دور میں اسی طرح کے الزامات کا سامنا کرنے والے سیاسی رہنماؤں کو معافی دیدی جاتی تھی اور انہیں آزاد کر کے غیر ملکی دوروں کی بھی اجازت دی جاتی تھی،حتیٰ کہ عدالتوں سے ان کی سزائیں بھی معطل نہیں کرائی جاتی تھیں۔
وزیراعظم گیلانی کو بتایا گیا ہے کہ اگر این آر او کا کوئی حصہ غیر آئینی تھا تو سپریم کورٹ کو چاہئے تھا کہ وہ مکمل طور پر اسے ختم کرنے کی بجائے اس میں تبدیلیوں یا ترامیم کی تجویز پیش کرتی اور ایسا پہلے بھی کئی معاملات میں کیا جا چکا ہے۔اس سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی میں منظور کئے جانے والے حسبہ بل کی مثال تازہ ترین ہے اور اس کا حوالہ پیش کیا جا سکتا ہے۔اہم اور قابل غور بات یہ ہے کہ فیصلے پر نظر ثانی قرآن اور سنت کے اصولوں کے خلاف ہے اور عدالت ہذا نے بینظیر بھٹو کے کیس میں اس بات کو تسلیم کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 38006
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش