0
Wednesday 7 May 2014 21:09

شام، باغیوں کے گڑھ حمص سے آج بدھ کو باغیوں کا باقاعدہ انخلا شروع

شام، باغیوں کے گڑھ حمص سے آج بدھ کو باغیوں کا باقاعدہ انخلا شروع
اسلام ٹائمز۔ شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کا کہنا ہے کہ باغیوں کے آخری مضبوط گڑھ حمص سے ان کا انخلا جاری ہے۔ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے ایک معاہدے کے تحت بدھ کو پہلی بسیں پرانے شہر سے چلی گئیں۔ دو بسیں متعدد مسلح جنگجوؤں کو لے کر ملک کے شمال میں واقع باغیوں کے زیرِاثر علاقے میں پہنچیں۔
رواں برس کے شروع میں اقوامِ متحدہ اور ہلالِ احمر کی نگرانی میں ہونے والے ایک آپریشن میں 1400 افراد کو پرانے شہر سے نکالا گیا تھا۔ بیروت میں موجود ایک یورپین نامہ نگار کا کہنا ہے کہ حمص کو چھوڑنے پر باغی جنگجو اور ان کے خاندان کے افراد اداس ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسی جگہ کو الوداع کہہ رہے ہیں جس کے بارے میں انھوں نے قسم کھائی تھی کہ وہ یہاں سے نہیں جائیں گے۔
نامہ نگار کا مزید کہنا ہے کہ حکومتی افواج کی جانب سے کیے جانے والے محاصرے کے دو سال بعد بالآخر باغی پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں جاری جنگ میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ شامی افواج نے حالیہ مہینوں میں حمص کے پرانے شہر کا سخت محاصرہ کیا تھا جس کے دوران وہاں شدید گولہ باری اور فضائی حملے بھی کیے گئے۔
حمص میں بدھ کی صبح ایک تصویر آن لائن جاری کی گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سبز رنگ کی دو بسیں باغی جنگجوؤں کے علاقے سے انخلا کرتے ہوئے اپنے مقررہ مقام کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ باغیوں کے مذاکرات کار رہنما عبدالحارث الخالدی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ تین بسیں 120 افراد کو لے کر روانہ ہوئیں جن میں شدت پسند زخمی، شامی شہری اور جنگجو شامل تھے۔
ادھر حمص کے گورنر طلال البرازی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انخلا کا آپریشن بدھ کو ختم ہوجائے گا۔ شام کی سرکاری نیوز ایجنسی صنعا نے حمص کے گورنر کے حوالے سے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق دو ہزار افراد کو حمص سے نکالا جائے گا تاہم ایک مقامی کارکن ابو یٰسین الحمصی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ انخلا میں 1200 جنگجوؤں کے نکالے جانے کا امکان ہے۔ دوسری جانب یہ بھی اطلاع ہے کہ باغیوں نے ملک کے شمالی حصوں میں بیرونی امداد آنے کی اجازت بھی دے دی ہے۔
خیال رہے کہ اقوامِ متحدہ کی نگرانی میں ہونے والے اس معاہدے کو مہینوں کی گفت و شنید کے بعد منظور کیا گیا تھا اور اطلاعات کے مطابق اس میں شام کے شہر حلب سے بھی یرغمالیوں کو نکالا جائے گا۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ شام میں جاری جنگ میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ 17 لاکھ سے زیادہ افراد پڑوسی ممالک میں پناہ لینے پر مجبور ہو‌ئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 380222
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش