QR CodeQR Code

ایکٹ 74ء میں ترامیم کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس بلوائی جائے، ترابی

8 May 2014 08:59

اسلام ٹائمز: باغ ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ایکٹ 74ء میں ترامیم کر کے آزاد خطے کو تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے۔ آزاد خطے کی حکومت کو بااختیار اور باوقار بنایا جائے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ان اختیارات کو عدل و انصاف کے ساتھ استعمال کرے۔ باغ کا تحریک آزادی کشمیر میں تاریخی کردار ہے یہاں کے شہداء اور مجاہدین نے تحریک آزادی کشمیر میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں اور ان کے مشن کی تکمیل کے لیے اجتماعی کردار ضروری ہے۔ ایکٹ 74ء اس وقت بنایا گیا جب مقبوضہ کشمیر میں کوئی تحریک نہیں تھی۔ کشمیریوں نے آزادی کی تحریک شروع کر رکھی ہے اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے آزاد خطے کا فیصلہ کن کردار ہے۔ ایکٹ 74ء میں ترامیم کے لیے جلد آل پارٹیز کانفرنس بلوا کر سفارشات کو حتمی شکل دی جائے گی اور ان کو حکومت پاکستان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ 1 لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں ان کے روزگار کے لیے حکومت کے پاس کوئی لائحہ عمل نہیں ہے۔ میرٹ کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، پبلک سروس کمیشن تاحال مکمل نہ کرنا بڑا ظلم ہے، نوجوان شکایات کر رہے ہیں کہ میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے لیے روزگار کے دروازے بند ہیں۔ عبدالرشید ترابی نے باغ وکلاء کے مطالبے کی بھرپور حمایت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ باغ میں ہائی کورٹ بینچ اور شریعت کورٹ قائم کی جائے یہ یہاں کا درست مطالبہ ہے۔ یہاں کے غریب عوام غربت کی وجہ سے سفر کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ 

عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بڑی بدقسمتی ہے کہ ریاستی وسائل غیرترقیاتی منصوبوں پر استعمال کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے بجٹ میں بہت کم رقم رکھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 52 ارب روپے کے بجٹ میں سے صرف 8ارب روپے ترقیاتی کاموں کے لیے مختص کیے جاتے ہیں اور وہ بھی کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اصلاح احوال کرے۔ علاقوں اور قبیلوں کے تعصبات سے بالاتر ہو کر نظام کی اصلاح کرے۔ انھوں نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا دماغ ہوتے ہیں وہ معاشرے کی اصلاح اور اس معاشرے کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن کے صدر سردار طارق مسعود، سیکرٹری جنرل راجہ عبدالحفیظ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ضلع باغ کے امیر عثمان انور، سابق امیر نثار شائق، مولانا ہدایت سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 380311

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/380311/ایکٹ-74ء-میں-ترامیم-کے-لیے-جلد-آل-پارٹیز-کانفرنس-بلوائی-جائے-ترابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org