QR CodeQR Code

ایرانی صوبے سیستان کے گورنر کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات

8 May 2014 19:39

اسلام ٹائمز: معزز مہمان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دونوں صوبوں کے حکام مل کر قابل عمل منصوبوں کا جائزہ لیں گے تاکہ ان پر پیش رفت کی جا سکے، مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے لاہور میں ایران کے صوبہ سیستان بلوچستان کے گورنر علی اوست ہاشمی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا سفیر سید مہدی نبی زادے اور قونصلیٹ جنرل محمد حسین بنی اسدی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات ہیں، ایران کے تعاون سے لاہور میں جدید سلاٹر ہاؤس قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف بھی پاک ایران تعلقات کی مضبوطی کے لئے 11 مئی کو ایران کے دورے پر جا رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان کے دورہ ایران سے دونوں ممالک کے مابین معاشی، تجارتی، ثقافتی اور دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان اور پنجاب کے درمیان تعلقات کو فروغ دیں گے، ایرانی گورنر کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون کی پیش کش خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں صوبوں کے حکام مل کر قابل عمل منصوبوں کا جائزہ لیں گے تاکہ ان پر پیش رفت کی جا سکے۔ میاں شہباز شریف نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس موقع پر سید مہدی نبی زادے نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، معاشی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں، نواز شریف کے دورہ تہران سے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ ملے گا۔

ایرانی صوبے سیستان بلوچستان کے گورنر علی اوست نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں، پنجاب اور سیستان بلوچستان میں مختلف شعبوں پر دو طرفہ تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم، صحت، سیاحت، توانائی، لائیوسٹاک اور دیگر شعبوں میں پاکستان خصوصاً پنجاب سے تعاون کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں آ کر مجھے دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ میں اپنے ہی گھر آ گیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بہت خوبصورت شہر ہے اور یہاں کے لوگوں کی محبت میں کبھی فراموش نہیں کر پائوں گا۔ ایرانی صوبے سیستان کے گورنر علی اوست نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنے صوبہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔


خبر کا کوڈ: 380567

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/380567/ایرانی-صوبے-سیستان-کے-گورنر-کی-وزیراعلی-پنجاب-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org