QR CodeQR Code

ملتان، 5 دہشت گرد گرفتار

10 May 2014 21:50

اسلام ٹائمز: آر پی او ملتان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق شمالی وزیرستان کے قاری عمران گروپ سے ہے جن کا مقصد حساس اداروں، سینٹرل جیل کی عمارت اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ پولیس نے سنٹرل جیل سمیت حساس مقامات کو نشانہ بنانے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے نیو ملتان کے علاقے کریم ٹاؤن میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو مکان میں موجود مبینہ دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے مکان کو گھیرے میں لے کر پانچوں دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد سینٹرل جیل ملتان سمیت حساس مقامات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں سے ایک دہشت گرد ناصر کا تعلق مظفر گڑھ کی تحصیل کوٹ ادو سے ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق ملتان میں سینٹرل جیل کی ریکی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے 5 رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 27 ڈیٹونیٹرز، دو ہینڈ گرینیڈ، اسلحہ اور بھاری مقدار میں بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ آر پی او ملتان کیپٹن ریٹائرڈ محمد امین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق شمالی وزیرستان کے قاری عمران گروپ سے ہے جن کا مقصد حساس اداروں، سینٹرل جیل کی عمارت اور اہم شخصیات کو نشانہ بنانا تھا۔ تفتیش جاری ہے مزید انکشافات متوقع ہیں۔


خبر کا کوڈ: 381294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/381294/ملتان-5-دہشت-گرد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org