QR CodeQR Code

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کے ہاتھوں دو نوجوان شہید

11 May 2014 09:01

اسلام ٹائمز: ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ سوپور،بانڈی پورہ اور بارہ مولہ میں عوام نے احتجاجی مظاہرے کیے۔


اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع پونچھ کے علاقے کالسیا میں دو نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ ذرائع کے مطابق نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں نامعلوم افراد کے حملے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا تھا۔ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری ہے۔ دریں اثنا وادی کے اکثر علاقوں میں بھارتی فوج کی جانب سے شہریوں کی گرفتاریوں کے خلاف ہڑتال کی گئی۔ سوپور،بانڈی پورہ اور بارہ مولہ میں عوام نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ بعض جگہوں پر مشتعل افراد نے پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ 

دوسری جانب قصبہ حاجن میں جیل میں قید 17 افراد نے رہائی کیلئے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ ان افراد کو بھارتی فوج نے انتخابات کے موقع پر چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران گرفتار کیا تھا۔ یاد رہے کہ انتخابات کے موقع پر حریت رہنماؤں کی جانب سے ہڑتال کی کال دی گئی تھی اور بھارتی فوج نے دو ہزار سے زائد حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔ ادھر حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے شہدا کی یاد میں 21 مئی کو مکمل ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 381359

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/381359/مقبوضہ-کشمیر-بھارتی-فوج-کے-ہاتھوں-دو-نوجوان-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org