0
Sunday 11 May 2014 10:43

وزیراعظم نواز شریف آج 2 روزہ سرکاری دورے پر ایران جا رہے ہیں

وزیراعظم نواز شریف آج 2 روزہ سرکاری دورے پر ایران جا رہے ہیں
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اسلامی جمہوری ایران کے صدر حسن روحانی کی دعوت پر آج بروز اتوار 2 روزہ سرکاری دورے پر ایران روانہ ہوں گے۔ پاکستان اور ایران میں نئی حکومتوں کے قیام کے بعد اعلٰی قیادت کی سطح پر یہ پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلٰی سطح کا وفد بھی ہوگا، جس میں خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ شامل ہیں۔ دورے کے دوران وزیراعظم نوازشریف ایرانی صدر حسن روحانی اور ایران کے سپریم لیڈر و روحانی پیشوا آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی ترقی کے باہمی مفاد کے مواقعوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ متعدد شعبوں میں دو طرفہ دلچسپی کے کئی مفاہمتی معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ اس دورے کے دوران پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ تہران میں نواز شریف کے اس اہم دورے کے حوالے سے جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ وزیراعظم ایرانی صدر حسن روحانی اور دیگر اعلٰی حکام کے ساتھ سعودی عرب اور ایران کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے ممکنہ خاتمے پر بھی بات کریں گے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی کی سربراہی میں ایران کی سیاسی قیادت کی خواہش ہے کہ جس طرح امریکہ کے ساتھ باہمی تناؤ میں کمی واقع ہوئی ہے، اسی طرح سعودی عرب کے ساتھ بھی دو طرفہ معاملات میں بہتری آئے۔ ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر داخلہ کے حالیہ دورہ اسلام آباد میں بھی اس اہم معاملے پر تفصیل سے بات چیت ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 381387
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش