0
Sunday 11 May 2014 11:27

حکومتی پابندی مسترد، پاکستان عوامی تحریک کا مال روڈ لاہور میں ریلی کا اعلان

حکومتی پابندی مسترد، پاکستان عوامی تحریک کا مال روڈ لاہور میں ریلی کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک نے حکومت کا فیصلہ ماننے سے انکار کرتے ہوئے آج شام کو ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گزشتہ روز ضلعی حکومت کے ساتھ پی اے ٹی کے رہنماؤں کے مذاکرات ہوئے تھے جن میں ضلعی حکومت کی جانب سے کمشنر لاہور راشد محمود لنگڑیال، ڈی سی او لاہور ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور ایس ایس پی آپریشنز رانا عبدالجبار سمیت دیگر افسران شریک تھے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے خرم نواز گنڈا پور، افضل گجر اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں حکومت کی جانب سے صرف ناصر باغ میں جلسہ کی اجازت دی گئی جبکہ حکومت نے مال روڈ پر دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث ریلی نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی، حکومت نے اجلاس کے بعد ایک 22 نکاتی پلان بھی پاکستان عوامی تحریک کو دیا جس پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے پلان کے مطابق ناصر باغ کی حدود کے اندر ہی جلسہ ہو گا، جلسے میں 13 سال سے کم عمر بچے شریک نہیں ہوں گے، کوئی بھی جلسہ کا شریک اپنے ساتھ اسلحہ نہیں لائے گا، جلسے میں مقررین کسی بھی قومی ادارے کو تنقید کا نشانہ نہیں بنائیں گے اور اسی طرح کے مختلف نقاط پیش کئے گئے اور پی اے ٹی کو ان کا پابند بنایا گیا۔ آج پی اے ٹی کے رہنماؤں نے اعلیٰ قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ناصر باغ میں جلسے کے بعد مال روڈ پر ہر صورت میں ریلی نکالیں گے۔ ریلی کے انتظامات کے حوالے سے بھی کارکنوں نے کام شروع کر دیا ہے جبکہ پبجاب اسمبلی کے سامنے سٹیج کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔ دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کی ریلی روکنے کے لئے پولیس کے 3 ہزار جوانوں کو شہر میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ ایک طرف حکومت ریلی سے روک رہی ہے جب کہ دوسری جانب پی اے ٹی کے کارکن ہر صورت ریلی نکالنے پر آمادہ ہیں اس حوالے سے شہر کی صورتحال خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 381401
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش