0
Sunday 11 May 2014 19:03

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے پاکستان دہشتگردوں کی جنت بن چکا ہے، ایم ڈبلیو ایم

حکمرانوں کی غلط پالیسیوں سے پاکستان دہشتگردوں کی جنت بن چکا ہے، ایم ڈبلیو ایم
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے 11 مئی کے حوالے سے موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی، ایم ڈبلیو ایم لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی، علامہ سید جعفر موسوی، علامہ ناصر مہدوی، سید اسد عباس نقوی، رائے ماجد علی، رائے ناصر عباس اور مظاہر شگری نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے نام پر اقتدار میں آنے والے نام نہاد حکمرانوں نے ڈکٹیٹر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 11 مئی کا دن تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے، جس دن جمہوریت کے نام پر عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن انجینئرڈ الیکشن ہوئے اور غیر ملکی ایجنڈے کو پاکستان کے عوام پر مسلط کرنے کے لئے اقتدار دے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عوام کے قاتلوں کو گلے لگا لیا اور اس وقت پاکستان دہشت گردوں کے لئے جنت بن چکا ہے۔

مجلس وحدت کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بے حس حکمرانوں نے عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے۔ کراچی میں ایک سال کے دوران ہزاروں بے گناہ شہریوں کو موت کی وادی میں دھکیل دیا گیا، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور الیکشن کمشن عوام پر ہونے والے اس ظلم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین عوامی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور 18 مئی کو سکردو میں گلگت بلتستان کی تاریخ کا یادگار اجتماع ہوگا جو ان کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہمارے مظاہرے میں شرکت کے لئے آنے والوں کو روکا ہے اور ہماری درجنوں گاڑیاں تھانوں میں بند کر دی ہیں، جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے مسائل حل نہیں ہوتے تو اقتدار سے الگ ہو جائیں، حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملکی سلامتی داؤ پر لگی ہوئی ہے، 11 مئی کو جمہوریت کے نام پر ڈکٹیٹر اقتدار میں آئے اور ان کی وجہ سے پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے۔
خبر کا کوڈ : 381483
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش