0
Monday 12 May 2014 15:09

انسانی حقوق کی تنظیموں کا نمائندہ اجلاس، فلسطینیوں کے حق کی واپسی کی بھرپور حمایت کا اعلان

انسانی حقوق کی تنظیموں کا نمائندہ اجلاس، فلسطینیوں کے حق کی واپسی کی بھرپور حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ انسانی حقوق کی نمائندہ تنظیموں کا اجتماع کراچی میں منعقد ہوا جس میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مسئلہ فلسطین کی اہمیت اور حالیہ معاملات سے آگاہی فراہم کی، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندہ اجلاس میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی مختلف تنظیموں کے نمائندوں اور کارکنوں بشمول ڈاکٹر سید صلاح الدین(انسان )، شہزاد مظہر سید خالد جمال، شگفتہ انیس (ہیومن رائٹس نیٹ ورک)، اقبال عقیل (اسلامک لائیر فورم)، ہنیزہ قادر (PWF)، ثمینہ نوید (سول سوسائٹی)، فریال ندیم (ایجوکیشن اینڈ بزنس)، شاہدہ عباسی (طبیبہ ہمدرد)، محمد بابر، حسن مصدق (United Social Development)، ڈاکٹر رفعت اعوان ایڈوکیٹ (پیس ویلفئیر فاؤنڈیشن پاکستان)، ذبیح اللہ قریشی (روہینگا مسلم سالیڈیرٹی)، محمد ایوب رشید (آئی ٹی ایم)، سید سلیم اللہ (Teach Education)، جمال الدین احمد (ضمیر آپ کا)، محمد سلیم (آر بی او)، محفوظ یار خان (ایمٹی انٹرنیشنل) سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے تحت انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندہ اجتماع میں اقوام متحدہ، عالمی برادری اور عالمی انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اداروں کی توجہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی امتیازی سلوک، اور اظہار رائے اور شخصی آزادی کی خلاف ورزیوں، جبری گمشدگیوں اور منظم قتل عام، سامراجی طاقتوں سے مسلمان ممالک میں جبری مداخلتوں اور جمہوری حکومتوں کی برطرفیوں کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروائی گئی، انسانی حقوق کے نمائندہ اجتماع نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ فلسطین، مصر، الجیریا، عراق، افغانستان، لیبیا، بنگلہ دیش، کشمیر، برما میں ہونے والے ظلم و تشدد اور انسانوں کی تباہی اور بربادی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار عالمی استعمار امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل سمیت یورپی یونین کو قرار دیا گیا۔

انسانی حقوق کے نمائندہ اجتماع نے واضح طور پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک نسل پرست اور غیر قانونی ریاست ہے جو فلسطین میں معصوم اور بے گناہ انسانوں کا قتل عام کر رہا ہے، انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ نسل پرست اسرائیل کے خلاف کاروائی عمل لائی جائے۔ اجتماع نے مطالبہ کیا کہ سنہ 1948ء میں جو فلسطینی سرزمین فلسطین میں آباد تھے انہیں واپس لاکر ان کے وطن میں بسایا جائے اور جو یہودی دنیا بھر سے لا کر فلسطین میں بسائے گئے تھے انہیں ان کے وطن واپس بھیجا جائے۔

انسانی حقوق کے اجتماع نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر، آسام، گجرات میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ریفرنڈم کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیریوں کو سنہ 1948ء کی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے جو ان کا بنیادی حق ہے، انسانی حقوق کی تنظیموں کے نمائندہ اجتماع نے بنگلہ دیش میں اسلامی جمہوری جماعتوں کی قیادت کے خلاف بلا جواز مقدمات اور وسیع پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ اقوام عالم اور دنیا بھر کی رائے عامہ اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔ اجتماع نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا برما میں روہینگا مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ظلم اور ستم کا نوٹس لیا جائے اور مسلمانوں کا قتل عام بند کیا جائے۔

اجتماع نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ مصر میں امریکہ اور مغربی طاقتوں کے اشاروں پر جمہوری منتخب حکومتوں کا تختہ الٹ کر ہزاروں بے گناہ معصوم افراد کو شہید کرنے والے آمر جنرل سیسی کی سخت مذمت کرتے ہیں اور پھانسی کا مطالبہ کرتے ہیں، اجتماع نے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر میں امریکی خفیہ اداروں کی جانب سے شخصی آزادی کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور جبری گمشدگیوں کو روکا جائے اور دنیا بھر میں قائم غیر قانونی امریکی عقوبت خانوں کو فی الفور بند کیا جائے۔ یہ اجتماع سمجھتا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں لا پتہ افراد کا مسئلہ بلا واسطہ یا بالواسطہ طور پر عالمی استعماری قوتوں بالخصوص امریکہ کے روسیع پسندانہ جنگی جرائم سے جڑا ہے، اجتماع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بلا واسطہ اور بالواسطی بیرونی مداخلت کا سلسلہ بند کیا جائے، پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات کی سازشوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں فرقہ وارانہ فسادات کروانے والے ہاتھوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
خبر کا کوڈ : 381669
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش