QR CodeQR Code

دیامر کے علماء و عمائدین کے وفد کی شیخ نیئر مصطفوی سے خصوصی ملاقات

12 May 2014 22:11

اسلام ٹائمز: ضلع دیامر سے تعلق رکھنے والے علماء و عمائدین کے نمائندہ وفد نے ڈاکٹر محمد زمان کی قیادت میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری جنرل کے گھر اورنومل کا خصوصی دورہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے اہلسنت اکثریتی ضلع دیامر کے علماء اور عمائدین پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے ڈاکٹر زمان کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل مولانا شیخ نیئر عباس مصطفوی سے ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل نے دیامر کے علماء اور عمائدین پر مشتمل وفد کی نومل آمد پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک جرات مند اور باوقار قوم ہیں اور اپنے حقوق کے حصول کیلئے متحد ہیں۔ ماضی میں امن کے دشمنوں نے ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کی غرض سے پورے علاقے کو خاک و خون میں نہلادیا اور اب انشاءاللہ دشمن اپنی سازشوں میں کامیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کو مضبوط بنائیں گے اور مستقبل قریب میں تمام اضلاع کا مشترکہ دورہ رکھتے ہوئے عوام کو اپنے حقوق کیلئے متحرک کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ دیامر کے عوام پرخلوص اور محبت بھرا پیغام لیکر آئے ہیں اور ہم انشاءاللہ انہیں مایوس نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ اب گلگت بلتستان میں کوئی نوگو ایریا نہیں رہا ہے لوگ دیامر، بلتستان، نگر، غذر اور گلگت میں کوئی فرق محسوس نہ کریں اور پورے علاقے کو اپنا گھر سمجھتے ہوئے بلا خوف و خطر سفر کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر زمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اتحاد کی بدولت پورے علاقے میں خوف کی فضاء کا خاتمہ ہوا ہے، جسے ہر صورت میں برقرار رکھا جائیگا اور اسی میں ہم سب کا فائدہ ہے۔ علاقے میں امن و امان کے قیام کے سلسلے میں دیامر کے عوام کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 381815

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/381815/دیامر-کے-علماء-عمائدین-وفد-کی-شیخ-نیئر-مصطفوی-سے-خصوصی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org