QR CodeQR Code

سینیٹ، اپوزیشن کا سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش پر احتجاج اور واک آؤٹ

14 May 2014 23:35

اسلام ٹائمز: اپوزیشن لیدڑ اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ حیدر آباد کی بجلی بحال نہ کی گئی تو پنجاب سے سندھ جا کر احتجاجی مظاہروں کی قیادت کرینگے۔ سینیٹر رضا ربانی نے مسئلے کا آئینی حل نکالنے کیلئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کی تجویز دی۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹ میں اپوزیشن نے سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش اور پانی کے بحران پر احتجاج کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا ہے، ارکان نے مسائل حل نہ ہونے کی صورت میں پنجاب میں مظاہروں کی دھمکی دی۔ پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی کا مؤقف ہے کہ صوبائی حکومت چھپن ارب روپے کی نادہندہ ہے، ادائیگی تک بجلی بحال نہیں ہوگی۔ سینیٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حیدر آباد میں بجلی کی بندش کے باعث پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے، بجلی بحال نہ کی گئی تو وزیراعلٰی سندھ کو وفاقی حکومت کے خلاف اسی طرح احتجاجی جلوسوں کی قیادت کرنے کا کہیں گے، جس طرح ہمارے دور حکومت میں وزیراعلٰی شہباز شریف کیا کرتے تھے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ حیدر آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی ماہانہ اٹھارہ کروڑ روپے کی مفت بجلی استعمال کرتی ہے، سندھ حکوت نے پانچ ہزار چھ سو بجلی کے کنکشنز سے اظہار لاتعلقی کیا، جس کے بعد انھیں کاٹ دیا گیا۔

اپوزیشن لیدڑ اعتزاز احسن کا کہنا تھا حیدر آباد کی بجلی بحال نہ کی گئی تو پنجاب سے سندھ جا کر احتجاجی مظاہروں کی قیادت کریں گے۔ سینیٹر رضا ربانی نے مسئلے کا آئینی حل نکالنے کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کی تجویز دی۔ ایم کیو ایم کے سینیٹر عبدالحسیب خان کا کہنا تھا کہ صرف غریبوں پر ہاتھ ڈالا جاتا ہے، بڑے بجلی چوروں کو کوئی نہیں پوچھتا۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا کہ حیدر آباد میں بجلی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے وزیراعلٰی سندھ اور وفاقی وزیر پانی و بجلی کی ملاقات کرائی جائے۔ سینیٹ کے قائم مقام چیئرمین صابر بلوچ نے معاملہ وزیراعظم کے علم میں لانے کی ہدایت کی۔


خبر کا کوڈ: 382551

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/382551/سینیٹ-اپوزیشن-کا-سندھ-کے-مختلف-علاقوں-میں-بجلی-کی-بندش-پر-احتجاج-اور-واک-آؤٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org