0
Thursday 15 May 2014 09:43

قیادت نے تحفظات دور کر دئیے، جاوید ایوب

قیادت نے تحفظات دور کر دئیے، جاوید ایوب
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے وزیر جنگلات وائلڈ لائف فشریز سردار جاوید ایوب ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات کے 22 سو ملازمین ریاست کے 41 فیصد رقبہ جو محکمہ جنگلات کے زیرانتظام ہے کا نظام چلا رہے ہیں، محدود وسائل اور کم سٹاف کے باعث بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بیرونی امداد سے چلنے والے پراجیکٹ ختم ہونے پر سینکڑوں ملازمین بے روزگار اور شجر کاری سمیت دیگر منصوبے تعطل کا شکار ہو جائیں گے۔  سالانہ 35 چالیس کروڑ کے ریونیو کیلئے جنگلات کو ختم کرنے کی بجائے سبز درختوں کی کٹائی پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔  ایکٹ 74ء میں ترامیم کے حوالہ سے بہت جلد قانون سازی کی جائے گی، اختلافات رائے ہونا کوئی غلط نہیں، ہمارے موقف کو قیادت نے سنا اور ہمارے تحفظات دور کیے، حکومتی تبدیلی کی بات نہیں کی،  پی پی پی قیادت نے ہمیشہ راہنمائی کی اور معاملات حل کیے۔

انھوں نے کہا کہ پی پی سے ہمارا تعلق نظریاتی اور فکری ہے جو ختم نہیں ہو سکتا، غیر ریاستی جماعت کی بات کرنے والے آج خود غیرریاستی پارٹیوں کا حصہ ہیں۔  آزاد کشمیر میں بلاتخصیص تعمیر و ترقی کے کام کیے۔ اپوزیشن کو بھی مساوی فنڈز دیکر پارلیمانی سیاست میں ایک نیا ٹرینڈ دیا، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے پروفیشنل تعلیمی ادارے،  یونیورسٹیاں، اداروں کی اپ گریڈیشن سمیت اہم شاہرات اور 17 سو کلو میٹر رابطہ سڑکوں کی تعمیر حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔  مظفرآباد میں میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے کہا کہ تین سال کے عرصہ میں پی پی کی عوامی حکومت نے انتخابی منشور اور وعدوں پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کیے، میگاپراجیکٹس جن میں میڈیکل کالجز، یونیورسٹیاں، اعلیٰ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن ، ویمن یونیورسٹی کا قیام عمل میں لا کر ریاست کے نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے  گئے۔

میرٹ پر آنے کے باوجود جو نوجوان اعلیٰ تعلیم سے محروم تھے، دشوار گزار علاقہ، وسائل کی کمی اور دیگر مسائل کی وجہ سے انہیں ڈویژن کی سطح پر مواقع مہیا کیے۔ کمیونیکشن پر حکومت نے خصوصی توجہ دیکر پاکستان سے ملانے والی جملہ سڑکوں کو بہتر بنایا، اس کے علاوہ 17 سو کلو میٹر رابطہ سڑکیں تعمیر کی گئیں۔ موجودہ حکومت نے ریاست میں پہلی مرتبہ بلاتخصیص اپوزیشن کو بھی برابری کی سطح پر فنڈز فراہم کئے اور مہاجرین نمائندوں کو بھی برابری کے فنڈز دیکر ریاستی سیاست میں نیا ٹرینڈ سیٹ کیا ہے جس پر آنے والے حکمرانوں کو بھی چلنا پڑے گا۔

وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب ایڈووکیٹ نے کہا کہ زلزلہ کے بعد تعمیرنو اور بحالی کا نظام جو سست روی کا شکار تھا دوبارہ شروع کیا جس میں وفاقی حکومت نے بھرپور تعاون کیا۔ مظفرآباد سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ سمیت باغ اور راولاکوٹ سٹی ڈویلپمنٹ پر کام شروع کیا۔  ریویو میٹنگ میں غیرترقیاتی اخراجات پر کٹ لگایا گیا ہے۔ ہمارا ترقیاتی بجٹ 14 ارب سے این ایس ایف سی کا حصہ نہ ہونے کے باعث 10 ارب روپے رہ گیا ہے۔  آزادکشمیر کو وفاق اپنے حصے کے فنڈز فراہم کر رہا ہے۔ وفاق کی جانب سے بروقت فنڈز کی ریلیز سے ترقیاتی منصوبے بروقت تکمیل ہو رہے ہیں۔

جاوید ایوب نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں شکست کی وجوہات کچھ اور تھیں، ریاست میں صاف و شفاف انتخابات ہون گے تو سرحد پار بھی اس کا بہت اچھا پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے مفاہمت کی سیاست کے ذریعے ملک میں رواداری اور برداشت کی سیاست کا آغاز کیا۔  دارالحکومت کی نشست پر ضمنی الیکشن میں بھی مفاہمت کی سیاست کو بڑھایا گیا جس میں ماضی کی حکومت کی کارکردگی آڑے آئی،  تمام سیاسی جماعتوں کے وجود کو تسلیم کرتے ہیں اور مشاورت سے چلنے کے قائل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 382616
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش