0
Friday 16 May 2014 00:18

مبارک علی شان پر بزدلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

مبارک علی شان پر بزدلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ

اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت تاحال دہشت گردی کا خاتمہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ گذشتہ سانحہ مستونگ میں حکومت نے دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن کل ابراہیم اسٹریٹ میں شیعہ ہزارہ جوان مبارک علی شان پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے نے حکومت اور سکیورٹی اداروں کے جھوٹے دعووں کی قلعی کھول دی۔ اطلاعات کے مطابق مبارک علی شان تقریباً بارہ سے ایک بجے کے دوران دفتر سے ڈیوٹی ختم کرکے گھر کی طرف جا رہے تھے، کہ ابراہیم اسٹریٹ میں تقریباً پانچ دہشت گردوں نے مبارک علی شان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی تاہم پروردگار عالم کے خاص کرم اور جوان کے بروقت اپنے آپ کو زمین پر گرانے سے دہشت گردوں کی اپنی ہی گولیوں سے ان کا ایک ساتھی ہلاک ہو گیا اور پولیس کے جوانوں کی ہمت سے ان کی قیمتی جان بچ گئی، جو قابل تحسین ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسی مقام پر پہلے بھی علامہ مقصود علی ڈومکی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا لیکن ملزمان ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے۔ جس کی وجہ سے کل کا واقعہ رونما ہوا، اگر گذشتہ سانحات میں ملوث ذمہ داروں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزاء دی جاتی، تو آج یہ واقعہ رونما نہ ہوتا۔ بیان کے آخر میں حکومت اور انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ کوئٹہ شہر کے اندر کالعدم تنظیموں کے ٹھکانوں پر آپریشن کرکے دہشت گردوں اور بالخصوص کل کے واقعے کے مفرور ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے انہیں قرار واقعی سزا دے۔ نیز دہشت گردوں کو بےگناہ کہنے والی جماعتوں پر پابندی عائد کرکے ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔

خبر کا کوڈ : 382918
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش