QR CodeQR Code

مجلس وحدت کے زیراہتمام لاہور میں بھی جیو کے خلاف مظاہرے

16 May 2014 22:03

اسلام ٹائمز: مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ جب تک جیو کے اس گستاخانہ پروگرام کے پروڈیوسر اور اینکر کے خلاف کارروائی نہیں ہو جاتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ پیمرا فی الفور جیو کا لائسنس منسوخ کرے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملک بھر میں جیو کے پروگرام میں اہل بیت عظام کی شان میں گستاخی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں جامع امامیہ مسجد شباب چوک سمن آباد اور علام اقبال ٹاؤن سمیت نشتر ٹاؤن امامیہ کالونی سمیت متعدد علاقوں میں مظاہرے کئے گئے۔ ہنزہ بلاک  سے مون مارکیٹ علامہ اقبال ٹاؤن تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے سٹرک بلاک کر کے جیو انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور جیو کے مارننگ پروگرام کو مستقل بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ ایم ڈبلیو ایم لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی نے سمن آباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی مسلمان اہل بیت عظام کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، حکومت گستاخی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

ادھر ہنزہ بلاک سے مون مارکیٹ تک نکالی گئی ریلی کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما علامہ ابوذر مہدوی نے کی۔ انہوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک جیو کے اس گستاخانہ پروگرام کے پروڈیوسر اور اینکر کے خلاف کارروائی نہیں ہو جاتی ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سنی اتحاد کونسل کے مفتیان کی جانب سے جاری کئے گئے فتوے کی تائید کرتے ہیں اور جیو انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ امامیہ کالونی میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کی قیادت سیکرٹری جنرل شیخوپورہ مولانا سید حسن رضا ہمدانی نے کی۔ انہوں نے پیمرا سے مطالبہ کیا فی الفور جیو کا لائسنس منسوخ کیا جائے۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام لاہور کے دیگر علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 383207

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/383207/مجلس-وحدت-کے-زیراہتمام-لاہور-میں-بھی-جیو-خلاف-مظاہرے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org