0
Saturday 17 May 2014 03:06

جیو دیکھنا اور دکھانا حرام ہے، علماء کے فتوے کی تائید کرتے ہیں، خالد آرائیں

جیو دیکھنا اور دکھانا حرام ہے، علماء کے فتوے کی تائید کرتے ہیں،  خالد آرائیں
اسلام ٹائمز۔ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کل سے ملک بھر میں جیو کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جیو کو ہمارے ساتھ کیا تکلیف تھی، میر شکیل ہمیشہ آزادی صحافت کا درس دیتے رہے۔ خالد آرائیں کا یہ بھی کہنا تھا جیو کا لائسنس پیمرا آرڈینیس کے تحت منسوخ کر دینا چاہئے تھا، تعجب ہے پیمرا نے ابھی تک صرف دکھاؤے کی کارروائی کی ہے، حالانکہ پیمرا نے ایک دن کے نوٹس پر چینل بند کروائے ہیں۔ خالد آرائیں کا مزید کہنا تھا جیو دیکھنا اور دکھانا حرام ہے علما کے فتوے کی تائید کرتے ہیں، اصولی طور پر ہمیں جیو کی نشریات نہیں دکھانی چاہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا جنگ گروپ اپنے اوپر تنقید برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا پیمرا کے کونسل آف کمپلینٹ میں درخواست دیں گے پھر سپریم کورٹ جائیں گے۔ خالد آرائیں نے کہا حکومت جیو ٹی وی کو سپورٹ کر رہی ہے، وفاقی حکومت بھی اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین خالد آرائیں کا کہنا تھا کراچی پریس کلب کو آج جنگ اور جیو کے رپورٹرز نے یرغمال بنایا اور 18 سے 20 رپورٹرز پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ واضح رہے شام کو کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین خالد آرائیں نے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس کا آغاز ہی کیا تھا کہ جیو اور جنگ گروپ کے صحافی کیبل آپریٹرز سے الجھ پڑے، اس دوران جنگ اور جیو کے رپورٹرز کی جانب سے کیبل آپریٹرز کو دھکے بھی دئیے گئے، ہنگامہ آرائی اور شور شرابا زیادہ بڑا تو کیبل آپریٹر پریس کانفرنس چھوڑ کر جانے پر مجبور ہو گئے۔ جنگ اور جیو کے رپورٹرز کی ہنگامہ آرائی سے پریس کلب کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ چیئرمین کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان خالد آرائیں کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو کے رپورٹرز نے ہمیں دھمکیاں بھی دیں، میر شکیل الرحمان کی جانب سے ہماری پریس کانفرنس خراب کرنے کا حکم دیا اور پریس کانفرنس کے دوران کھلی غنڈا گردی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 383289
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش