0
Saturday 17 May 2014 20:56

حکمران اپنا قبلہ درست کریں ورنہ عوام انکے خلاف سڑکوں پر نکل آئیگی، جماعت اسلامی

حکمران اپنا قبلہ درست کریں ورنہ عوام انکے خلاف سڑکوں پر نکل آئیگی، جماعت اسلامی
اسلام ٹائمز۔ اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک میں اللہ اور اس کے رسول کا نظام نافذ نہ ہونے کی وجہ سے ہم مسائل کے گرداب میں دھنستے جا رہے ہیں، بے حس حکمرانوں کو غریب عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، لوگ غربت، بےروزگاری، مہنگائی اور بدامنی کے ہاتھوں جیتے جی مر رہے ہیں، اسلامی انقلاب ہی ہمارے غموں کا مداوا کر سکتا ہے، جماعت اسلامی کا کراچی پیکج عوام کے مسائل کا حل ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے جماعت اسلامی کے تحت غربت، بےروزگاری، مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے ضلع شرقی میں جامع مسجد بیت المکرم اور ضلع وسطی میں زون لیاقت آباد کے تحت اوکھائی میمن مسجد حسین آباد پر کیے گئے۔ مظاہروں سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی نصراللہ شجیع، مسلم پرویز، امیر ضلع شرقی یونس بارائی، امیر ضلع وسطی منعم ظفر خان، محمد یوسف، اسامہ رضی اور دیگر نے خطاب کیا۔ مظاہرین نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
 
رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی کا اصل مسئلہ جعلی مینڈیٹ ہے، ٹھپہ مافیا اور مینڈیٹ چوری کرنے والے اہلیانِ کراچی کا درد سمجھ سکتے ہیں نہ ہی مسائل حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس عوامی مسائل کا حل ہے، جماعت اسلامی کے کراچی چارٹر میں اہلیان کراچی کے لئے وہ تمام منصوبے پیش کئے گئے ہیں جس سے شہر قائد اور یہاں بسنے والے لوگوں کو امن، خوشحالی، ترقی اور نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور صحت مند تفریح میسر آسکے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کرپشن، مہنگائی اور دہشت گردی کے ہاتھوں ستائے عوام اب اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اپنا قبلہ درست کریں ورنہ عوام ان کے رویوں اور پالیسیز کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے گی۔
خبر کا کوڈ : 383593
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش