0
Saturday 17 May 2014 22:45

تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ایف بی آر چیئرمین سے جلد ملاقات کرونگا، مہدی شاہ

تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے ایف بی آر چیئرمین سے جلد ملاقات کرونگا، مہدی شاہ
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے کہا ہے کہ بہت جلد چیمبر آف کامرس گلگت بلتستان کے وفد کے ساتھ چیئرمین  FBR سے ملاقات کرکے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کو یقینی بنائینگے۔ چیئرمین FBR کو چیمبر کے مسائل سے آگاہ کیا ہے، گلگت بلتستان کے تاجروں کو دیگر پورٹس پر میسر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے چیئرمین FBR سے ملاقات میں بات کرونگا۔ گلگت بلتستان کے تاجروں کے ساتھ امتیازی سلوک زیادتی ہے کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں تجارت کی اہمیت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے۔ تاجروں کے مسائل حل نہ ہونے سے پاک چین تجارت بری طرح متاثر ہے، لہذٰا چیئرمین FBR کو ٹیلی فون پر بھی مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ وزیراعلٰی نے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان سکندر سلطان راجہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں FBR کے متعلقہ افسران اور چیئرمین سے مل کر تفصیلی طور پر تاجروں کے مسائل سے آگاہ کریں اور تاجروں کے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔ وزیراعلٰی نے کہا ہے کہ پاک چائنہ تجارت سے گلگت بلتستان کے تاجر وابستہ ہیں جو ٹیکس دے کر پاکستان کی محصولات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ اسلام آباد کے متوقع دورے پر چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد کو اپنے ساتھ لے کر جاونگا۔ گلگت بلتستان کے تاجروں کو پاکستان کے دیگر تاجروں سے زیادہ مراعات ملنی چاہیئیں۔ سانحہ عطاءآباد کی وجہ سے پاک چائنہ تجارت سے وابستہ تاجروں کو مسائل کا سامنا ہے لہذٰا چیئرمین FBR سے مل کر تاجروں کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے اور تاجروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے پر بات ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلٰی گلگت بلتستان سید مہد ی شاہ نے وزیراعلٰی سکریٹریٹ میں چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلٰی نے کہا کہ صوبائی حکومت خودانحصاری کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی وسائل میں اضافہ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت مالی وسائل میں اضافے کے لیے پرائیوٹ سیکٹر کو فروغ دینے کے لیے مربوط حکمت عملی مرتب کریگی، اسکے علاوہ گلگت بلتستان کے نوزائیدہ صوبے میں تجارت کو فروغ دینے کے لیے تاجروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تاجر دوست پالیسیاں متعارف کرا رہی ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ عوام آپس میں اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں اگر صوبے میں امن ہوگا تو گلگت بلتستان کی ترقی کی رفتار میں بہتری آ سکتی ہے۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ سیاسی نظام کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تمام وفاقی سیاسی جماعتیں سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کریں۔ میڈیا میں حقائق کے منافی بیانات اور دوسروں کی کردار کشی سے عوام کی ہمددری اور عوامی حمایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔ گلگت بلتستان کے عوام باشعور ہیں، تنقید برائے تنقید سے عوام کی رائے تبدیل نہیں کی جا سکتی۔ عوام سمجھتے ہیں کہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور صوبے سے بے روزگاری کے خاتمے اور گلگت بلتستان کو قومی دھارے میں لانے کیلئے صرف پاکستان پیپلز پارٹی نے عملی اقدامات کیے ہیں۔ میڈیا میں دوسروں پر بےجا تنقید کرنے والے صرف اخبارات کے ذریعے عوام میں خود کو زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور اجتماعی مفادات کے لیے ہمیں وسیع ذھن اور سیاسی بالغ نظری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وزیراعلٰی نے چیمبر آف کامرس نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت چیمبر آف کامرس کے مسائل کو فوری طور حل کرنے کے لیے اقدامات کو یقینی بنائیگی ۔ صوبائی حکومت FBR حکام سے رابطے میں ہے۔ چیمبر آف کامرس کے نمائندہ وفد نے گلگت بلتستان کے تاجروں کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لینے پر وزیراعلٰی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی گلگت بلتستان نے تجارت کے فروغ کے لیے ہمیشہ تاجروں کی حوصلہ افزائی کی ہے اور تاجروں کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے کر مثبت کردار ادا کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 383630
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش