QR CodeQR Code

پنجگور، نومولود دہشتگرد تنظیم اور تعلیمی اداروں کی بندش کیخلاف ریلی

20 May 2014 00:13

اسلام ٹائمز: پرائیوٹ تعلیمی اداروں پر حملے اور اساتذہ کو زدوکوب کرنے اور دھمکیوں کے خلاف پرائیوٹ سکولوں نے احتجاجاً اپنے پرائیوٹ سکول گذشتہ ایک ہفتے سے بند کرکے "ہم تعلیم چاہتے ہیں" کے نام سے ایک احتجاجی ریلی نکالی۔


اسلام ٹائمز۔ پنجگور میں پرائیوٹ تعلیمی اداروں پر حملے اور بندش کی دھمکیوں کے خلاف "ہم تعلیم چاہتے ہیں" کے نام پر پنجگور کے پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے اساتذہ، طلباء و طالبات، سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں نے ایک احتجاجی ریلی نکال کر ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے دھرنا دیا اور شدید نعرے بازی کی۔ ریلی میں ضلع بھر سے ہزاروں افراد نے شرکت کی جو تاریخ کی سب سے بڑی ریلی ظاہر کرتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجگور میں گذشتہ دنوں پرائیوٹ تعلیمی اداروں پر حملے اساتذہ کو زدوکوب اور انکی گاڑیوں کو جلانے سمیت پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں مخلوط نظام تعلیم بند کرنے کی دھمکیوں کے خلاف پرائیوٹ سکولوں نے احتجاجاً اپنے پرائیوٹ سکول گذشتہ ایک ہفتے سے بند کرکے "ہم تعلیم چاہتے ہیں" کے نام سے ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ جس میں ضلع بھر اور دور دراز سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی پنجگور کے مختلف علاقوں وشبود، گرمکان، خداباران، سرداران، تسپ چتکان، عیسی بونستان اور سوردو سے نکل کر جاوید چوک پر جمع ہوئے۔ جو ایک بہت بڑے ریلی کے شکل میں ڈی سی آفس کیلئے روانہ ہوئے۔

ریلی میں خواتین، بچے، بزرگ سول سوسائٹی پرائیوٹ اور سرکاری سکولوں کے اساتذہ، طلباء و طالبات، سیاسی جماعتوں کے کارکنان، تاجر، ٹرانسپورٹر اور مذہبی شخصیات موجود تھیں۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ ریلی ڈی سی آفس پہنچ کر دھرنے کی شکل اختیار کرگئی۔ تعلیم دشمن عناصر اور حکومت کی خاموشی کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ واضح رہے کہ پنجگور میں گذشتہ ہفتے متعدد پرائیوٹ تعلیمی اداروں پر حملے اور اساتذہ کو زدوکوب کے واقعات رونما ہوئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 384262

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/384262/پنجگور-نومولود-دہشتگرد-تنظیم-اور-تعلیمی-اداروں-کی-بندش-کیخلاف-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org