0
Tuesday 20 May 2014 00:12

چار متاثرہ ٹاوروں کا کام مکمل، کوئٹہ سمیت 16 اضلاع میں اضافی لوڈشیڈنگ ختم

چار متاثرہ ٹاوروں کا کام مکمل، کوئٹہ سمیت 16 اضلاع میں اضافی لوڈشیڈنگ ختم

اسلام ٹائمز۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) نے سبی اور مچھ کے درمیان کے وی 220 کے 4 متاثرہ ٹاوروں کی مرمت و بحالی کا کام آج مکمل کرلیا۔ متاثرہ 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی مرمت و بحالی کے بعد کوئٹہ سمیت متاثرہ 16 اضلاع کے تمام علاقوں میں اضافی لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی۔ جس کے تحت تمام ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور زرعی دیہی فیڈروں کو لوڈ مینجمنٹ کے تحت مختلف اوقات کار میں اُنکے پرانے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ 7 مئی کو سبی اور مچھ کے درمیان طوفانی ہواؤں کے باعث 220 کے وی کے 4 ٹاورز گرگئے تھے۔ جس کے باعث صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ کے 16 اضلاع میں بجلی کی قلت بڑھنے کے علاوہ اوور لوڈنگ کا مسئلہ بھی پیدا ہوگیا تھا۔ جس کی وجہ سے اس ٹرانسمیشن لائن سے منسلک متاثرہ 16 اضلاع میں اضافی لوڈشیڈنگ ناگزیر ہوگئی تھی۔ البتہ این ٹی ڈی سی کی جانب سے متاثرہ ٹاوروں کی مرمت و بحالی کے بعد صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔ جس کے بعد اب اس ٹرانسمیشن لائن سے منسلک متاثرہ تمام علاقوں کو پرانے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ دریں اثناء کیسکو نے مختلف سیاسی جماعتوں اور دوسرے شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کیجانب سے مرمتی کام میں تاخیری وجوہات جانے بغیر این ٹی ڈی سی اور کیسکو کو بارہا تنقید کا نشانہ بنانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت اور سخت ترین حالات کے باوجود اہلکاروں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر بجلی کے فراہمی کیلئے دن رات کام جاری رکھا لیکن اسکے باوجود عوام نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جو کہ باعث افسوس ہے۔

عوام کی آگاہی کیلئے یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ ٹاوروں کی مرمت کے دوران دشوار گزار اور سنگلاخ پہاڑوں پر سامان کی منتقلی بھی ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ جس میں بعض اوقات متاثرہ مقام تک سامان پہنچانے میں کئی دن لگ جاتے ہیں۔ این ٹی ڈی سی اور کیسکو کا فنی عملہ ان مشکلات کے باوجود اپنی جان اور سخت موسم کی پرواہ کئے بغیر دن رات مرمت و بحالی کے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے ہیں تاکہ صارفین تک بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں مرمتی کام کے دوران سکیورٹی کلیرنس ملنے کے باوجود ناخوشگوار واقعات کے دوران اب تک این ٹی ڈی سی اور کیسکو کے 6 سے زائد اہلکار شہید جبکہ متعدد ہمیشہ کیلئے معذور ہو چکے ہیں۔ لہٰذا اُن کی قربانیوں کو فراموش کرنا یقیناً ناانصافی ہوگی۔ 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی مرمت و بحالی اور اس سے بجلی کی فراہمی کے بعد اِس وقت کوئٹہ میں 4 سے 6 گھنٹے یومیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جبکہ کوئٹہ سے باہر ضلعی ہیڈ کوارٹرز کو یومیہ 8 سے 9 گھنٹے جبکہ دیہی اور زرعی فیڈروں کو مختلف اوقات کار میں یومیہ 6 سے7گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔ البتہ کیسکو نے اپنے متعلقہ تمام صارفین سے اضافی لوڈشیڈنگ پر معذر ت کی ہے۔

خبر کا کوڈ : 384263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش