0
Tuesday 20 May 2014 06:23
خلافت ہو یا آمریت، ملکی بقا کو خطرہ ہے

کچھ قوتیں موجودہ جمہوری نظام کو پٹڑی سے اتارنا چاہتی ہیں، رضا ربانی

کچھ قوتیں موجودہ جمہوری نظام کو پٹڑی سے اتارنا چاہتی ہیں، رضا ربانی
اسلام ٹائمز۔ حزب اختلاف نے خبردار کیا ہے کہ خلافت یا آمریت کے برسر اقتدار آنے سے ملکی بقا خطرے میں پڑ جائے گی۔ پیر کو ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر ایوان بالا میں تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ ملک کو 1973ء کے آئین کے تحت صرف پارلیمانی نظام حکومت کے تحت چلایا جاسکتا ہے جو ملکی بقا کی واحد صورت ہے۔ پی پی پی کے رہنما نے کہا کہ کچھ سیاسی اور مذہبی جماعتیں اور سرمایہ داروں نے ماضی میں پاکستان کی قومی سلامتی کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ رضا ربانی نے کہا کہ کچھ قوتیں موجودہ جمہوری نظام کو پٹڑی سے اتارنا چاہتی ہیں حالانکہ ایسی کوششوں کے نتائج ملک کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی نے اپنی جڑیں پکڑنی شروع کی ہیں، لیکن کچھ قوتیں موجودہ نظام کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔

رضا ربانی نے کسی کا نام لیے بغیر الزام عائد کیا کہ کچھ سیاسی اور غیر سیاسی قوتیں گذشتہ سال مئی میں ہونے والے الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن، عدلیہ اور میڈیا کے کردار پر انگلیاں اٹھاتے ہوئے ان اداروں کو تنازع میں ملوث کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ "میڈیا کی حیثیت مبصر ادارے کی سی تھی جبکہ کچھ قوتیں میڈیا کے اداروں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان پر پابندی کا مطالبہ کر رہی ہیں۔" رضا ربانی نے تمام سیاسی اور جمہوری جماعتوں سے موجودہ حالات میں کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آئین اور ملک کی سلامتی کے لیے تمام کوششیں صرف کرنی چاہئیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت کو آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ کچھ سیاسی جماعتیں مکمل انتخابی نتائج کو چیلنج کر رہی ہیں، جو نظام کو ڈی ریل کرنے کی سازش ہے۔ سعید غنی نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کسی کو کوئی بھی خبر رساں ادارہ بند کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
خبر کا کوڈ : 384295
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش