0
Wednesday 21 May 2014 09:40

شمالی وزیرستان، جیٹ طیاروں کی بمباری سے 60 سے 80 شدت پسند ہلاک، درجنوں زخمی

شمالی وزیرستان، جیٹ طیاروں کی بمباری سے 60 سے 80 شدت پسند ہلاک، درجنوں زخمی
اسلام ٹائمز۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں نے مشتبہ شدت پسندوں کے مختلف ٹھکانوں پر بمباری کی۔  مقامی اور قبائلی ذرائع کے مطابق پہلے ہلاکت خیز حملہ میرانشاہ اور میر علی تحصیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر کیا گیا، جس میں کم از کم 80 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کچھ اہم کمانڈروں سمیت 32 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔  تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ اور میر علی میں جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹروں نے رات گئے شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔  وسیع پیمانے پر کی جانے والی یہ کارروائی چینی سیاح کے اغوا کے دوسرے دن سامنے اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی افغانستان سے واپسی کے بعد شروع ہوئی۔
میر علی اور میرانشاہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ مارٹر گولے کی فائرنگ بھی شروع ہوگئی ہے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ میر علی تحصیل کے موساکی، زارا میلا اور ایسورتی نامی گاؤں میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں نشانہ بنایا گیا، جس سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں اور کافی لوگ زخمی ہیں، جبکہ یہ ٹارگٹڈ آپریشن ایجنسی کے ہیڈ کوارٹرز میرانشاہ کے مختلف حصوں میں بھی کیا گیا۔ عسکری ذرائع کے مطابق کارروائی دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے مشتبہ دہشت گرد پشاور، مہمند ایجنسی اور باجوڑ میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
 
دیگر ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی اور بویا میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے غیر ملکیوں سمیت 60 سے زائد شدت پسند ہلاک ہوگئے، میران شاہ اور میر علی میں گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی گئی۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی رات تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر کی گئی۔ میر علی میں حسو خیل، ایسوڑی، حرمز اور موسکی جبکہ تحصیل بویا کے علاقوں دیگان اور لانڈ محمد خیل میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں سے بمباری کی گئی، کارروائی میں غیر ملکیوں سمیت درجنوں شدت پسند مارے گئے اور کئی ٹھکانے تباہ ہوئے۔ صبح سویرے میران شاہ اور میر علی کے مختلف علاقوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی گئی، تاہم اس میں اب تک کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔ دوسری جانب شمالی وزیرستان کے تمام علاقوں میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 384661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش