0
Wednesday 21 May 2014 09:51

نائجیریا میں دو کار بم دھماکوں میں 118 افراد ہلاک، متعدد زخمی

نائجیریا میں دو کار بم دھماکوں میں 118 افراد ہلاک، متعدد زخمی
اسلام ٹائمز۔ نائجیریا کے وسطی شہر جوس میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں ہلاک افراد کی تعداد 118 ہو گئی ہے۔ حکام نے اس سے قبل دھماکوں میں 46 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی تھی۔ بدھ کی شب نائجیریا کی 'نیشنل ایمرجنسی منیجمنٹ ایجنسی' کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جائے واردات پر بکھرے ہوئے ملبے کے نیچے سے درجنوں لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس کے ہلاک شدگان کی تعداد 118 ہوگئی ہے۔

جوس میں ایجنسی کے سربراہ محمد عبدالسلام نے صحافیوں کو بتایا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ اب بھی کچھ ملبہ ہٹانا باقی ہے جس کے نیچے مزید لاشیں ہو سکتی ہیں۔ حکام کے مطابق دھماکے منگل کی شام چند منٹ کے وقفے سے شہر کی وسطی کاروباری علاقے میں ایک بس اڈے اور اسپتال کے نزدیک ہوئے تھے۔

پولیس کے ایک افسر نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ دھماکے کے وقت علاقے میں لوگوں کا ہجوم تھا۔ پولیس افسر کے مطابق کئی لاشیں مکمل طور پر جھلسنے کے باعث ناقابل شناخت ہو گئی ہیں۔ دھماکوں کے باعث کئی دکانیں مکمل طور پر منہدم ہو گئی ہیں جب کہ نزدیکی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ جوس شہر نائجیریا کی اس پٹی پر واقع ہے جہاں عیسائی اکثریتی جنوبی علاقے اور مسلمان اکثریتی شمالی علاقوں کا سنگم ہوتا ہے۔ شہر کے اس پیچیدہ جغرافیائی محل وقوع کے باعث یہاں ماضی میں فرقہ وارانہ کشیدگی رہی ہے۔

دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی لیکن حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ واردات میں شدت پسند تنظیم 'بوکو حرام' ملوث ہوسکتی ہے۔ 'بوکو حرام' نے اس سے قبل بھی شہر میں کی جانے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کی ذمہ داری قبول کی ہے جن میں شہر کے نواح میں جولائی 2012ء میں کیا جانے والے حملہ بھی شامل ہے جس میں 58 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تنظیم نے گزشتہ ماہ دارالحکومت ابوجا کے نواحی علاقے میں ایک بس اڈے پر بم دھماکے کی ذمہ داری بھی قبول کی تھی جس میں 71 افراد مارے گئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 384666
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش