QR CodeQR Code

ایرانی قوم کی ترقی سے سامراجی محاذ شدید غصے میں ہے

ملت ایران نے ثابت کر دیا کہ امریکہ کے بغیر بھی عزت اور پیشرفت حاصل کی جاسکتی ہے، رہبر معظم انقلاب

21 May 2014 20:53

اسلام ٹائمز: اپنے خطاب کے اختتام پر جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ یہ ملک اور اسکا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے اور آپکو بلند ترین افق فتح کرنے اور عظیم کام انجام دینے کیلئے خود کو اچھی طرح آمادہ کرنا چاہیے۔


اسلام ٹائمز۔ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ملت ایران کی جانب سے دنیا کو تسلط پسند اور تسلط پذیر حصوں میں تقسیم کرنے کا مقابلہ کرنے کی وجہ سے امریکہ غصے میں ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے آج تہران امام حسین کیڈٹ کالج میں فوجی افسروں کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پر خطاب میں کہا کہ سامراجی محاذ ملت ایران کی ترقی سے شدید غصے میں ہے اور ہم اس کے لئے شہید بہشتی کا معروف جملہ دہرائيں گے "غصے سے مرجاو"۔ اسلامی انقلاب کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تسلط پسند طاقتوں کی جانب سے ملت ایران کے خلاف ایٹمی اور انسانی حقوق سمیت دیگر مسائل کا اٹھایا جانا محض بہانہ بازی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ ان بہانوں سے ملت ایران کو استقامت سے باز رکھیں، لیکن ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ اسلامی جمہوری ایران کے سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ملت ایران نے مختلف شعبوں میں اپنی توانائياں ثابت کر دی ہیں اور سب پر واضح کر دیا ہے کہ وہ امریکہ کی حمایت کے بغیر بھی علمی، سائنسی اور سماجی نیز عالمی سطح پر اثر و رسوخ حاصل کرنے اور سیاسی لحاظ ‎سے اعتبار حاصل کرنے کی توانائی رکھتی ہے۔
 
آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ تسلط پسند نظام کا میڈیا دنیا کو ملت ایران کی کامیابیوں اور ترقی سے آگاہ ہونے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ان کوششوں کے باوجود آج دنیا میں بہت سے لوگ ملت ایران پر اعتماد کرتے ہیں اور دنیا کی اکثریت ملت ایران کے ساتھ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابل عالمی برادری کے لفظ کے استعمال کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ سامراجی ممالک عالمی برادری نہیں ہیں بلکہ یہ ان ملکوں کا ٹولہ ہے جو چند سامراجی ممالک سے تشکیل پایا ہے اور جو صیہونیوں کی کمپنیوں کے زیر اثر ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ عالمی برادری سے مراد وہ مظلوم قومیں اور حکومتیں ہیں جو سامراجی حکومتوں کے دباؤ کی وجہ سے ان کی مخالفت کرنے کی جرات نہیں رکھتیں، لیکن اگر انہیں موقع ملے تو یقیناً اپنی مخالفت کا  اظہار کریں گی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے کہا کہ اسلام انسان کی نجات کا واحد راستہ ہے اور اسی راستے سے انسان کو کرامت مل سکتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ مومن اور دیندار جوان مستقبل میں ایران کے معمار اور نئی اسلامی تہذیب میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ہیں۔   


دیگر ذرائع کے مطابق تین خرداد کو خرم شہر کی فتح اور کامیاب بیت المقدس فوجی کارروائیوں کی سالگرہ کی مناسبت سے آج صبح (بروز بدھ) مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کی موجودگی میں حضرت امام حسین (ع) کیڈٹ یونیورسٹی میں تربیت یافتہ سپاہیوں اور فوجی جوانوں کی ایک تقریب منعقد ہوئی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گراؤنڈ میں پہنچنے کے بعد  گمنام شہیدوں کے مزار پر حاضر ہوکر فاتحہ خوانی کی اور دفاع مقدس کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ اس کے بعد فوجی جوانوں نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کو سلامی پیش کی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے گراؤنڈ میں موجود جانبازوں کے ساتھ بھی محبت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید خامنہ ای نے اس تقریب سے اپنے خطاب میں حضرت امام حسین علیہ السلام کیڈٹ  یونیورسٹی میں ماہر، محقق، انقلابی، متعہد اور مؤمن جوانوں کی تربیت کو انقلاب اسلامی کی جدید نسل کا واضح نمونہ قرار دیا اور دنیا کی تسلط پسند اور تسلط پذیر تقسیم اور تسلط پسند نظام کے مقابلے میں ایرانی قوم کی استقامت اور پائیداری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا آج ایرانی قوم اور اسلامی نظام کی پیشرفت اور ترقی پر امریکہ اور مغربی طاقتیں بہت زيادہ ناراض، برہم اور عصبانی ہیں کیونکہ ایرانی قوم نے امریکہ اور مغربی طاقتوں کے بعیر اپنی اندرونی توانائيوں کو بروی کار لاتے ہوئے خاطر خواہ پیشرفت حاصل کی ہے، جس پر وہ سخت ناراض ہیں اور ہم ان کے جواب میں شہید بہشتی کے اس معروف جملے کو دہراتے ہیں کہ "تم غصہ اور ناراضگی  سے ہلاک جاؤ۔" رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران میں جدید اور تازہ نسل کی بالندگی کو اساسی اور اہم مسائل میں شمار کیا اور گذشتہ برسوں میں انقلاب سے دور ہونے پر بعض افراد کی تشویش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا جیسا کہ اس دور میں بھی بیان کیا گیا کہ اب انقلاب سے فاصلہ اختیار کرنے والوں پر، انقلاب کی جدید اور جوان نسل کا غلبہ پیدا ہوگیا ہے، انقلاب اسلامی کی جدید نسل ملک بھر میں پیشرفت اور ترقی کے ہمراہ درخشاں مستقبل کی بہترین نوید ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انقلاب اسلامی کے اصولوں پر معتقد جوان نسل کی ایک نکتہ کی طرف توجہ مبذول کرتے ہوئے کہا اس نئی اور جدید نسل کو مستقبل میں اسلامی تمدن کی تشکیل پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور صرف اپنے قریب اور اپنے پاؤں کے سامنے نگاہ نہیں کرنی چاہیے بلکہ دراز مدت افق پر توجہ مبذول کرنی چاہیے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلام کو برسوں سے گوناگوں حوادث میں زخمی ہونے والی انسانیت کے لئے بہترین پناہگاہ قرار دیا اور اسلامی کو انسانی کرامت کا علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ مؤمن اور معتقد جوان اس ملک کے مستقبل کے معمار اور اسلام کے نئے تمدن کو خلق کرنے کا اصلی محور ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی نظام کو درپیش چیلنجوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بصیر، آگاہ اور شجاع انسان کبھی چیلنجوں سے گھبراتے نہیں بلکہ وہ اپنی نگاہیں موجودہ امکانات اور بسا اوقات اندرونی سطح پر معطل شدہ امکانات پر مرکوز کرتے ہیں۔

انقلاب اسلامی کے سپریم لیڈر نے اسلامی نظام کی روزافزوں ترقی، پیشرفت، استحکام اور اقتدار کو چیلنجوں کا اصلی سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم انقلاب اسلامی کی کامیابی کی بدولت 35 سال سے ترقی و پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن ہے اور دنیا کے تسلط پسند اور تسلط پذير نظام کے مقابلے میں استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور دنیا کی منہ زور طاقتوں منجملہ امریکہ کو باج دینے کے لئے  تیار نہیں، اسی لئے بین الاقوامی منہ زور طاقتیں ایران سے ناراض اور اس پر خشمگين اور برہم ہوگئی ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا البتہ ایرانی قوم کی اسی پائیداری کی وجہ سے دنیا کی دیگر اقوام ایرانی قوم  کے ساتھ محبت اور پیار کا اظہار کرتی ہیں، حتٰی بعض ایسی حکومتیں جو منہ زور اور تسلط پسند طاقتوں کے مقابلے میں کھڑا ہونے کی ہمت نہیں کرتیں، وہ بھی ایرانی قوم کی پائیداری اور استقامت سے خوشحال اور شاد و مسرور ہیں اور ایرانی قوم کے اس اقدام کی تعریف کرتی ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کی مخالف اور منہ زور اور دشمن طاقتوں کی جانب سے ایٹمی اور انسانی حقوق اور بعض دیگر موضوعات پیش کرنے کو محض بہانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی منہ زور طاقتیں انسانی حقوق اور ایٹمی موضوعات کو بہانہ بنا کر اور ایرانی قوم پر دباؤ ڈال کر اسے استقامت اور پائیداری کے جوہر دکھانے سے منصرف کرنے کی تلاش و کوشش میں مصروف ہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ ایرانی قوم نے مختلف شعبوں میں اپنی توانائيوں سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکہ کے بغیر بھی عالمی سطح پر سیاسی عزت و کمال اور علمی، سماجی اور سائنسی ترقی میں آگے بڑھ سکتی ہے۔ رہبر معظم نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے درست اور صحیح راستہ کا انتخاب کیا ہے اور وہ اسی راستے پر گامزن رہے گی اور دنیا کی اکثریت بھی ایرانی قوم کے ساتھ ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے دنیا تک ایرانی قوم کی ترقی اور پیشرفت کی آواز کو پہنچنے سے روکنے کے لئے عالمی استعماری میڈیا کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام کوششوں کے باوجود دنیا کے بہت سے لوگوں کو ایرانی قوم پر اعتماد ہے اور وہ ایرانی قوم کی تعریف اور تمجید کرتے ہیں۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے مقابلے میں عالمی برادری کی تعبیر کو جھوٹ پر مبنی تعبیر اور اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا جو تعبیر دشمن استعمال کر رہے ہیں، ہمیں وہ تعبیر استعمال نہیں کرنی چاہیے، کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ عالمی برادری نہیں ہیں بلکہ کچھ ایسی منفور اور مستکبر حکومتیں ہیں جو  بدنام صہیونی کمپنیوں کے زیر اثر ہیں۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری مظلوم قومیں اور مظلوم حکومتیں ہیں جو منہ زور سامراجی طاقتوں کے دباؤ کے سامنے مخالفت کا اظہار نہیں کرسکتیں اور اگر انھیں ایسا موقع مل جائے تو وہ یقینی طور پر سامراجی اور منہ زور تسلط پسند طاقتوں کی مخالفت  کھل کر کریں گی۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ عالمی برادری دنیا کے دانشوروں، مفکروں، نیک لوگوں اور حریت پسندوں پر مشتمل ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کے اختتام پر جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک اور اس کا مستقبل آپ کے ہاتھوں میں ہے اور آپ کو بلند ترین افق فتح کرنے اور عظیم کام انجام دینے کے لئے خود کو اچھی طرح آمادہ کرنا چاہیے۔


خبر کا کوڈ: 384946

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/384946/ملت-ایران-نے-ثابت-کر-دیا-کہ-امریکہ-کے-بغیر-بھی-عزت-اور-پیشرفت-حاصل-کی-جاسکتی-ہے-رہبر-معظم-انقلاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org