QR CodeQR Code

سانحہ رمک میں جاں بحق ہونیوالوں کو پچیس اور متاثر ہونیوالوں کو پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے، مولانا لطف الرحمن

26 Aug 2014 20:35

اسلام ٹائمز: سرکٹ ہاؤس ڈیرہ میں سانحہ رمک کے مصالحتی جرگہ میں فریقین کے درمیان ہونیوالی صلح کی تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر نے کہا ہے کہ انسانی زندگی کی کوئی قیمت نہیں، تاہم معاوضے سے ورثا کے دکھوں کا کچھ مداوا ضرور ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخواہ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور ضلعی امیر جے یو آئی مولانا لطف الرحمن نے کہا ہے کہ سانحہ رمک مجرمانہ غفلت ہے۔ واقعہ میں جاں بحق ہونیوالے افراد کو فی کس چشمہ شوگر ملز نمبر ٹو کی طرف سے پچیس لاکھ روپے اور متاثر ہونیوالے افراد کو پانچ لاکھ روپے دیئے جائینگے۔ اسی طرح ملز متاثرہ جگہ پر پل کی تعمیر کریگی اور ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکٹ ہاؤس میں سانحہ رمک کے واقعہ کے بعد مصالحتی جرگہ کے ذریعے فریقین میں صلح کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ وقارعلی خان، کمیٹی کے اراکین، جے یوآئی کے اراکین، میڈیا اور چشمہ شوگر ملز ٹو کی انتظامیہ کے نمائندے موجود تھے۔ مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ سانحہ رمک کا واقعہ غریبوں کا نقصان ہے۔ بہت سارے لوگ بے آسرا ہوئے۔ نقصان سے انسانی زندگی واپس نہیں آسکتی تاہم معاوضے سے ورثاء کے دکھوں کا کچھ مداوا ضرور ہو گا۔ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ اس قسم کے افسوسناک واقعات رونما نہ ہوں۔ مولانا لطف الرحمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تبدیلی کے نعرے لگائے لیکن زمینی حقائق کچھ اور ہیں۔ انکی کارکردگی صفر سے بھی کم ہے۔ حکومت غیر سنجیدہ ہے۔ ہسپتالوں میں مریضوں کوعلاج معالجے کی کوئی سہولت نہیں۔اپوزیشن کی ریکوزیشن پر بلائے جانیوالے اسمبلی اجلاس میں صحت بھی ایجنڈا پرموجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملک میں صرف چار حلقوں میں دھاندلی نظر آئی ہے اور وہ دھاندلی ایک سال کے بعد نظر آئی ہے۔ دھاندلی کی بات کرکے پی ٹی آئی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی بات کرتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 384973

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/384973/سانحہ-رمک-میں-جاں-بحق-ہونیوالوں-کو-پچیس-اور-متاثر-پانچ-لاکھ-روپے-دیئے-جائیں-گے-مولانا-لطف-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org