0
Thursday 22 May 2014 23:28

ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ سندھ حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات کو ان کے عہدے سے ہٹا کر غلام قادر کو ان کی جگہ تعینات کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہد حیات کو ایڈیشنل آئی جی کراچی لگائے جانے پر ایڈیشنل آئی جی آر این ڈی بشیر میمن نے او پی ایس کے تحت افسران کی تعیناتی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور یہ موقف اختیار کیا تھا کہ سینئر افسران کی جگہ جونیئر افسران کو تعینات کیا جا رہا ہے جس سے افسران میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ بشیر میمن کی درخواست پر سپریم کورٹ نے 9 مئی کو صوبے بھر میں تعینات او پی ایس افسران کو ہٹانے کا حکم دیا تھا جس کے تحت سندھ حکومت نے پہلے مرحلے میں 177 او پی ایس افسران کو ان کے عہدے ہٹا دیا تھا، تاہم شاہد حیات سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔ آج حکومت سندھ نے شاہد حیات کو بھی ان کے عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک غلام قادر تھیبو کو اضافی ذمہ داریاں سونپ دی ہے اور وہ کل اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی تعیناتی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور جو ٹیم مجھے ملے گی اس کے ساتھ کام کروں گا جبکہ پولیس میں بھی کالی بھیڑوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ شاہد حیات کو 6 ستمبر 2013ء کو کراچی پولیس کے سربراہ کی حیثیت سے تعینات کیا گیا تھا جب کہ شہر میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن بھی ان ہی کی سربراہی میں جاری تھا جس پر متحدہ قومی موومنٹ متعدد بار ان کے خلاف اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی تھی۔
خبر کا کوڈ : 385300
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش