0
Friday 23 May 2014 01:30

جڑواں شہروں کی سکیورٹی فوج کو سونپے جانیکا امکان

جڑواں شہروں کی سکیورٹی فوج کو سونپے جانیکا امکان
رپورٹ: آئی اے خان

دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے حالیہ آپریشن کے باعث ملک میں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کئے جا رہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی کے باعث ملک بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ بعض ذرائع سے حاصل ہونیوالی خبروں کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کی سکیورٹی فوج کو سونپے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدامات شمالی وزیرستان میں فورسز کی کارروائی کے بعد کئے جا رہے ہیں۔ طالبان کی جانب سے جنگی تیاریوں کے بیان کے بعد جڑواں شہروں میں دہشت گردی کے خدشات انتہائی بڑھ چکے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی جاری کارروائی کا دائرہ اور عرصہ جوں جوں بڑھتا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ ملک کے حساس ترین شہروں میں سکیورٹی انتظامات میں بھی بتدریج اضافہ کیا جائے گا، جبکہ کسی بھی دہشت گردانہ خطرے کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی کی سکیورٹی پاک فوج کی 10 کور کے حوالے کئے جانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
 
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بارہ حساس اضلاع میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تمام اداروں کو چوکس رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ پشاور سمیت صوبے کے تمام حساس مقامات پر سکیورٹی کے موثر انتظامات کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پشاور، نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان سمیت تمام حساس اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے اقدامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں دوسرے روز بھی سکیورٹی فورسز کی شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تمام علاقوں میں گذشتہ روز سے نافذ ہونیوالا کرفیو تاحال برقرار ہے۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے ماچس میں جمعرات کی صبح شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر توپ خانہ سے گولہ باری کی گئی۔ تاہم ابھی تک ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ اب تک کی کارروائی میں ہلاک ہونیوالے دہشت گردوں کی تعداد 80 سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ پاک فوج کے ایک آفیسر سمیت 7 اہلکاروں کے شہید ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 385326
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش