0
Saturday 24 May 2014 11:47

نائجیریا کی تنظیم بوکو حرام پراقوام متحدہ کی پابندیاں

نائجیریا کی تنظیم بوکو حرام پراقوام متحدہ کی پابندیاں
اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پانچ ہفتے قبل دو سو سے زائد طالبات کو اغوا کرنے والی نائجیریا کی شدت پسند تنظیم بوکو حرام پر پابندیوں کی منظوری دے دی ہے۔ ان پابندیوں کے تحت بوکو حرام کا شمار بھی القاعدہ اور اُس سے منسلک ان تنظیموں میں ہو گا، جن پر ہتھیاروں کی پابندی ہے اور جن کے اثاثے منجمد ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اندازہ نہیں لگایا جا سکتا کہ اس اقدام کے عملی اثرات کیا ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بوکو حرام کو نائجیریا کی درخواست پر القاعدہ اور اس کی اتحادی تنظیموں میں شامل کیا گیا ہے۔ ان پابندیوں کے نتیجے میں نہ صرف بوکو حرام کو ملنے مالی تعاون میں دشواریاں پیدا ہوں گی بلکہ اس کے لیے موجودہ سرمائے کے استعمال، ہتھیاروں کی خریداری اور نقل و حمل بھی مشکل ہو جائے گی۔ اقوام متحدہ میں نائجیریا کے مستقل مندوب یو جوئے اوگویو نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ مسئلے کے حل میں پہل کی جائے خاص طور پر جب مسئلہ دہشت گردی ہو۔ دوسری طرف بوکو حرام نے تنظیم کے سربراہ ابوبکر شیکاؤ کے حکم کے تحت اپنی کارروائیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ اس ماہ کے اوائل میں بوکو حرام نے ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں مغوی طالبات کو برقعوں میں ملبوس بیٹھے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اقوام متحدہ سے اس سلسلے میں جاری کی جانے والی دستاویز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بوکو حرام کے ارکان نے القاعدہ کے ملحقہ اداروں سے تربیت حاصل کی اور مالی میں ان کے ساتھ مل کر کارروائیاں کیں۔

بوکو حرام کو حال ہی میں ایک شمال مشرقی گاؤں میں 27 افراد کی ہلاکت کا ذمہ دار بھی قرار دیا گیا تھا۔ چیبوک کے قریب واقع گاؤں الگارنو کے لوگوں کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے حملہ کیا اور تمام گھروں کو آگ لگا دی اور ان گھروں میں کھانے پینے کا تمام سامان لوٹ لیا، اس لوٹ مار سے قبل وسطی شہر جوس میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں کم از کم 118 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 385703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش