QR CodeQR Code

ٹارگٹ کلنگ کے بعد مساجد و امام بارگاہوں کو نشانہ بنانا حکومتی نا اہلی ہے، حسن ہاشمی

26 May 2014 00:52

اسلام ٹائمز: ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے اور ان کے دفاتر کو سیل کر کے دوبارہ ان دہشتگرد جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ قصبہ کالونی امام بارگاہ جعفریہ پر دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں، کراچی میں دہشتگرد مضبوط ہورہے ہیں، ٹارگٹ کلنگ کے ساتھ اب مساجد و امام بارگاہ کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی ہے، شہر میں کالعدم جماعتوں کا راج مبینہ حکومتی سرپرستی میں بڑھتا جا رہا ہے، شہر کے بیشتر علاقے نو گو ایریا بن چکے ہیں جہاں کالعدم جماعتوں کے دفاتر کھلے ہیں جن دفاتر سے شہر بھر میں فرقہ وارنہ ٹارگٹ کلنگ کی جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس و حدت مسلمین کراچی کے سیکریٹری جنرل حسن ہاشمی نے قصبہ کالونی مسجد و امام بارگاہ جعفریہ پر ہونے والے کریکر دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ جعفریہ امام بارگاہ قصبہ کالونی میں اس سے قبل بھی دہشتگردی کے واقعات ہو چکے ہیں اور وہاں کے ذمہ داران کو پہلے سے دہشتگردوں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی تھیں، قانون نافذ کرنے والے اس امام بارگاہ کی سکیورٹی پر مامور نہیں تھے نہ ہی دھماکے کی جگہ کوئی پولیس اہلکار موجود تھا۔

حسن ہاشمی کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کرے اور ان کے دفاتر کو سیل کرکے دوبارہ ان دہشتگرد جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے، مسجد امام بارگاہ جعفریہ پر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو گرفتا کیا جائے اور واقعہ کی اصل حقیقت سے میڈیا اور شہر قائد کی عوام کو آگاہ کیا جائے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی نا اہلی چھپانے کے بجائے مساجد و امام بارگاہوں سمیت شہر قائد کی مظلوم عوام کو تحفظ فراہم کریں اور دہشتگردی کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ اس شہر کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکے۔


خبر کا کوڈ: 386237

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/386237/ٹارگٹ-کلنگ-کے-بعد-مساجد-امام-بارگاہوں-کو-نشانہ-بنانا-حکومتی-نا-اہلی-ہے-حسن-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org