0
Thursday 29 May 2014 19:50

معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں ملکی وسائل پر انحصار کرنا ہوگا، لیاقت بلوچ

معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں ملکی وسائل پر انحصار کرنا ہوگا، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نون کی حکومت نے ایک سال میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، ایک سال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ دہشت گردی بڑھی ہے، قیمتیں کہیں ڈیڑھ سو فیصد، کہیں اسی فیصد اور کہیں ستر فیصد بڑھی ہیں، لیکن بنیادی اشیا کی قیمتوں میں کم و بیش 35 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ انٹرنیشنل سروے کے مطابق پاکستان میں 45 فیصد لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔ بجٹ آنے سے قبل ہی ملک میں ذخیرہ اندوزی، گرانی اور اشیاء کی قلت ہو رہی ہے، جس کے باعث لوگوں کے تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے زیراہتمام پری بجٹ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے کی۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم، نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی، سی ڈی مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یاسین، آئیسکو لیبر یونیٹی کے راجہ عاشق خان، پریم یونین کے ظہور شاہ، پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے ارشد خان، پمز ایسوسی ایشن کے ریاض گجر، لیبر یونیٹی کے سید تنویر حسین کاظمی نے بھی خطاب کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب سے ملنے والے ڈیڑھ ارب ڈالر کے تحفے کی وجہ سے ڈالر کی قیمت کم ہوئی، یا پھر امریکہ کی طرف سے کولیشن سپورٹ فنڈ کے نتیجے میں ملنی والی رقم اس کی وجہ بنی، مگر عوام کو پھر بھی ریلیف نہیں ملا، کوئی معاشی سرگرمی نہیں بڑھی۔ انھوں نے کہا گذشتہ ایک سال کے دوران چھ ارب روپے کے نوٹ چھاپے گئے ہیں۔ مزدوروں کے اربوں روپے ہڑپ کرلئے گئے ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔ کرپشن نے ملکی معیشت کو دیمک کی طرح تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نئے بجٹ میں حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مزدوروں کے قتل کے پروگرام نجکاری کو روکا جائے، قومی اداروں کی نجکاری کے بجائے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہیے۔ اگر حکومت کا کام ادارے چلانا نہیں تو پھر میٹرو بس کیوں چلا رہے ہیں، یہ بھی تو عوام کا پیسہ ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا قرضوں سے پاکستانی معیشت کبھی ٹھیک نہیں ہوسکتی، معیشت کی بہتری کے لئے ہمیں ملکی وسائل پر انحصار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ملک میں زراعت کو ترقی دینے کی ضرورت ہے، زراعت کو ترقی دی جائے، انہوں نے کہا کہ بھارت سے آلو، ٹماٹر منگوانے کی بجائے زراعت کو ترقی دے کر ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے مزدوروں، محنت کشوں کی تنخواہوں میں اضافہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی کنجی عوام کے پاس ہے، اگر عوام اپنے ووٹ کے ذریعے دیانت دار قیادت کو سامنے لائے گی تو ملک خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگا اور اس کا فائدہ عوام کو ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 387582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش