0
Thursday 29 May 2014 19:56

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت یکم جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

کراچی، ایم ڈبلیو ایم کے تحت یکم جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں
اسلام ٹائمز۔ کراچی میں جاری شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے یکم جون کو وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراو کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کی تیاریاں عروج پر ہیں، مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما جن میں علامہ احمد اقبال رضوی اور علامہ اعجاز بہشتی شامل ہیں کراچی پہنچ گئے ہیں اور بھرپور رابطہ مہم چلائی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یکم جون کی ریلی کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کریں گے۔ دوسری جانب ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ اعجاز بہشتی، انجینئر رضا نقوی، علامہ علی انور جعفری، میثم عابدی، مبشر حسن، علی حسین نقوی سمیت دیگر رہنما ملت جعفریہ کی دیگر تنظیموں اور اداروں سمیت دیگر علماء و ذاکرین سے اس ریلی اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کے حوالے سے روابط کررہے ہیں۔ کراچی کی عوام بھی اس ریلی میں شرکت کے حوالے سے جوش و خروش پایا جارہا ہے۔

کراچی شہر کی تمام شیعہ آبادیوں سمیت دیگر علاقوں میں ریلی کے پوسٹرز چسپاں کردیئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں وال چاکنگ کی جارہی ہے، جبکہ ریلی کی تشہیر کیلئے ہورڈنگز بھی لگائی گئیں ہیں۔ ریلی کی تشہیر کیلئے مجلس ذاکرین امامیہ، مرکزی تنظیم عزا، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، پاسبان عزا سمیت دیگر ملی اداروں سے رابطے مکمل کرلئے گئے ہیں، جبکہ شہر بھر کی ماتمی انجمنوں اور خانوادہ شہداء کو دعوت نامے پہنچا دیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی کی شیعہ آبادیوں بالخصوص انچولی سوسائٹی، جعفر طیار سوسائٹی، عباس ٹاون، کھارادر، خراسان روڈ، چشتی نگر، بھٹائی آباد، شاہ فیصل کالونی، عوامی کالونی، اسٹیل ٹاون، نارتھ کراچی، رضویہ سمیت دیگر علاقوں میں کیمپس لگائے جارہے ہیں۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان علی احمر کا کہنا ہے کہ گذشتہ چھ سالوں سے سندھ میں پیپلز پارٹی حکومت کر رہی ہے اور ان چھ سالوں میں ہزار سے زائد شیعہ افراد ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا نشانہ بنے، ہر بار باور کروانے کے باوجود حکومت سندھ نے کوئی اقدامات نہیں کئے لہذا اس بار فیصلہ کن احتجاج کیا جائیگا۔ انہوں نے عوام سے بھی اس ریلی میں شرکت کی درخوست کی۔ واضح رہے کہ گذشتہ کئی سالوں کی طرح رواں سال بھی کراچی میں منظم سازش کے تحت شیعہ مسلمانوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے، اس ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دہشت گرد اور انکی آماجگاہیں محفوظ جبکہ شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، دوسری جانب گذشتہ 24 گھنٹوں میں بھی تین شیعہ جوانوں کو تکفیری دہشت گردوں نے ٹارگٹ کرکے شہید کردیا تھا۔


خبر کا کوڈ : 387584
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش