0
Friday 30 May 2014 10:32

بلوچستان سے 5 ہندو بچے اغواء

بلوچستان سے 5 ہندو بچے اغواء

اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد سے نامعلوم مسلح افراد نے ہندو برادری کے پانچ بچوں کو اغواء کر لیا۔ ڈپٹی کمشنر جعفرآباد سید ظفر علی شاہ نے بتایا کہ بچوں کو بدھ ڈیرہ الہ یار کے قریب سے اس وقت اغوا کیا گیا۔ جب وہ اسکول جا رہے تھے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ بچوں کے اغواء میں مبینہ طور پر ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جن کا تعلق مقامی قبیلے سے ہے۔ ضلعی پولیس افسر جعفرآباد سید اشفاق احمد نے بتایا کہ بچوں کی عمریں پانچ سے دس سال کے درمیان ہیں جبکہ بچوں کے اغواء کے شبے میں ایک مقامی صحافی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ مسلح افراد نے بچوں کو سندھ کے علاقے رتو ڈیرو میں منتقل کردیا ہے تاہم ہم بہت جلد بچوں کو بخیروعافیت بازیاب کرا لیں گے۔ ان بچوں کا تعلق بلوچستان کے علاقے ڈیرہ الہ یار میں رہائش پذیر قدیم ہندو برادری سے ہے اور یہ لڑکے لڑکیاں مشہور و معروف تاجر اور نیوز پیپر ایجنٹ سیٹھ بھوج راج کے بچے ہیں۔ بلوچستان پولیس نے بچوں کی بازیابی کے لیے رتو ڈیرو پولیس سے رابطہ کیا ہے۔ ابھی اس بات کی تصدیق ہونا باقی ہے کہ آیا یہ خاندانی تنازع ہے یا بچوں کو تاوان کے لیے اغواء کیا گیا ہے کیونکہ ابھی تک کسی بھی گروپ یا شخص نے بچوں کے اغواء کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ جعفرآباد صوبہ بلوچستان کے حساس ترین اضلاع میں سے ایک ہے۔ اس ضلع سے اس سے قبل بھی اغواء کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ جہاں اغوا کار بھاری تاوان کی وصولی کے بعد مغوی کو چھوڑ دیتے ہیں۔

خبر کا کوڈ : 387657
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش