QR CodeQR Code

طالبان اور مقتدر قوتوں میں سے کسی کا ساتھ نہیں دینگے، مولانا فضل الرحمٰن

ملک میں قیام امن وزیراعظم کے حرکت میں آنے سے مشروط ہے،سراج الحق

31 May 2014 00:28

اسلام ٹائمز۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جو حکمران لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے ان کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ جنگ کو ہوا دینے کیلئے طالبان اور مقتدر قوتوں میں سے کسی کا ساتھ نہیں دیں گے جبکہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے ملک میں قیام امن کو وزیراعظم کے حرکت میں آنے سے مشروط قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم جب تک اپنے اختیارکی چابی نہیں گھمائیں گے تالے اسی طرح بند رہیں گے۔ پشاور کے نشترہال میں جمعیت علمائے اسلام کے زیراہتمام قبائلی جرگے سے خطاب میں پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ طالبان اگر جنگ کی راہ اپناتے ہیں تو ہم ان سے راستے جدا کرینگے اور اگر کوئی مقتدر قوت اس مقصد کیلئے ہماری حمایت چاہتی ہے تو وہ بھی اس گمان میں نہ رہے کہ ہم ان کا ساتھ دینگے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ جو حکمران لوگوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے ان کو حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں ہوتا، ملک میں امن کی صورتحال ابتر ہے، صرف کراچی میں 24ہزار سے زیادہ لوگ شہید ہو چکے ہیں، مرنے والوں کو نہیں معلوم کہ انہیں کیوں مارا جا رہا ہے اور نہ ہی مارنے والے کو پتہ ہے کہ وہ انہیں کیوں مار رہا ہے۔ اس موقع پر منظور کی گئی چار الگ الگ قراردادوں میں قبائلی علاقوں میں جاری کاروائیوں کو آپریشن کہہ کراس کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا میں مسئلہ سنجیدہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، بےگھر قبائلیوں کو بحفاظت واپس اپنے گھروں کو بھجوایا جائے اور فاٹا میں تباہ حال انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے خاطرخواہ پیکج دیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 387871

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/387871/ملک-میں-قیام-امن-وزیراعظم-کے-حرکت-آنے-سے-مشروط-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org