QR CodeQR Code

قربانیوں کی حفاظت کرنے کا مرحلہ آگیا ہے، سید علی گیلانی

1 Jun 2014 08:43

اسلام ٹائمز: اپنے ایک بیان میں حریت رہنما کا کہنا تھا کہ ہماری ملی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہمیں بھارت نوازی کو ووٹ اور سپورٹ دینے کے علاوہ ہر اس کام سے اجتناب کرنا ہو گا جس سے ہماری تحریک آزادی کمزور ہو۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے اپنی جدوجہد آزادی میں جان و مال کی بیش بہا قربانیاں پیش کی ہیں اور اب ان قربانیوں کی حفاظت کرنے کا مرحلہ آگیا ہے۔ ہماری ملی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم بھارت نوازی کو ووٹ اور سپورٹ دینے کے علاوہ ہر اس کام سے اجتناب کریں، جس سے ہماری تحریک آزادی کمزور ہو اور جس سے ہماری قربانیوں پر حرف آنے کا احتمال ہو۔ ایک بیان میں انہوں نے آسیہ اور نیلوفر دوہرے قتل اور عصمت دری معاملے کیخلاف مکمل ہڑتال کرنے پر شوپیان کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کیس کی کسی غیر جانبدار ادارے کی طرف سے تحقیقات کرائے جانے اور مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کی اپیل دہرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج اور دیگر سرکاری فورسز جموں کشمیر میں خواتین کی تذلیل کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی رہی ہیں اور جب تک مجرموں کو کیفرکردار تک نہیں پہنچایا جاتا، یہ سلسلہ یہاں جاری رہے گا اور اس طرح کے واقعات مستقبل میں بھی رونما ہوتے رہیں گے۔ ہماری ملی اور قومی ذمہ داری ہے کہ ہم بھارت نوازی کو ووٹ اور سپوٹ دینے کے علاوہ ہر اس کام سے اجتناب کریں، جس سے ہماری تحریک آزادی کمزور ہو اور جس سے ہماری قربانیوں پر حرف آنے کا احتمال ہو۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ، نیلوفر اور دیگر اس قسم کے واقعات کو یاد کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں، جنہوں نے ان گھناؤنے جرائم کا ارتکاب کیا ہے اور جو ہمارے بنیادی اور پیدائشی حقوق پر مسلسل شب خون مار رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 388198

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/388198/قربانیوں-کی-حفاظت-کرنے-کا-مرحلہ-آگیا-ہے-سید-علی-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org