0
Sunday 1 Jun 2014 09:29

تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت دہشت گردوں کیخلاف پہلا مقدمہ درج

تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت دہشت گردوں کیخلاف پہلا مقدمہ درج
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت ملکی تاریخ کا پہلا مقدمہ تھانہ وحدت کالونی میں درج کر لیا گیا۔ یہ مقدمہ سی آئی اے انسپکٹر بشیر خان نیازی کی مدعیت میں 8 نامزد دہشت گردوں کے خلاف درج کیا گیا جن میں ایک ان کا ساتھی ٹریفک وارڈن اعظم بھی شامل ہے جبکہ دیگر دہشت گردوں میں مولوی آصف، آفتاب، معظم عزیز، عبید اللہ، اعظم، قاری مشتاق اور شفیق شاہ شامل ہیں۔ سی آئی اے پولیس نے ان دہشت گردوں کو وحدت کالونی کے علاقے سے گرفتار کیا تھا اور ان سے خودکش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔

یہ دہشت گرد علامہ ناصر عباس آف ملتان، سپاہ صحابہ پنجاب کے صدر شمس معاویہ سمیت دیگر علما اور اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں جبکہ ان سے متعدد علمائے کرام، صحافیوں، سیاست دانوں اور غیر ملکیوں کی ایک لسٹ بھی برآمد ہوتی تھی جس کے مطابق انہوں نے ان شخصیات کو نشانہ بنانا تھا۔ ملزمان میں ٹریفک وارڈن اعظم اپنی وردی میں ہدف کی ریکی کرتا اور دہشت گردوں کو اس کے روٹ کی معلومات فراہم کرتا اور پھر دہشت گرد اس ٹارگٹ کو نشانہ بناتے۔ سی آئی اے ماڈل ٹاؤن نے ان دہشت گردوں کا چالان انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کر دیا جس پر سپیشل مجسٹریٹ افضال بٹ نے ملزمان کا 15 روز کا ریمانڈ دے دیا ہے۔ یاد رہے کہ تحفظ پاکستان آرڈیننس کے تحت ملزمان کا 90 روزہ ریمانڈ دیا جا سکتا ہے۔

سی آئی اے پولیس ذرائع کے مطابق 15 روز کے حاصل کردہ اس ریمانڈ میں ان دہشت گردوں سے دوران تفتیش یہ اگلوایا جائے گا کہ یہاں ان کے دیگر ساتھی کہاں چھپے ہوئے ہیں، ان کو مالی مدد کون فراہم کرتا تھا اور ان کے مزید اہداف کیا تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ان دہشت گردوں کی گرفتاری کا اعلان سی سی پی او لاہور چودھری محمد شفیق نے ایک پریس کانفرنس میں کیا تھا تاہم قانون کے مطابق ہم نے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر بھجوا دیا تھا جہاں جیل میں ان ملزمان کی شناخت پریڈ بھی کرائی گئی تھی جس میں انہیں پہچان لیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق تفتیش کا عمل مکمل نہیں ہوا تھا جس کے لئے سی آئی اے پولیس نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کے ذریعے ان کا چالان دوبارہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جہاں سے اب 90 روز کا ریمانڈ مل چکا ہے۔ 
خبر کا کوڈ : 388204
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش