0
Sunday 1 Jun 2014 20:10

آئی ڈی پیز کا افغانستان جانا جگ ہنسائی کا باعث ہو گا،معصوم نقوی

آئی ڈی پیز کا افغانستان جانا جگ ہنسائی کا باعث ہو گا،معصوم نقوی
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے افغان دہشت گردوں کی طرف سے پاکستانی چوکی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جے یو پی نیازی کی فارن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ افغان صدر حامد کرزئی امریکی نمک حلالی کرتے ہوئے ٹاوٹ کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اس لئے وہ اپنے اقتدار کی آخری سانسیں بھی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں گزارنا چاہتا ہے تاکہ صدارت سے فراغت کے بعد انہیں امریکی وزارت خارجہ کے افغان ڈیسک پر نوکری مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے قبائلی علاقوں میں فوجی اہلکاروں پر حملے امریکی ایما پر طالبان کر رہے ہیں۔ لیکن آستین کے یہ سانپ اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن کے نتیجے میں وزیرستان سے بے گھر ہونے والے پاکستانیوں کو افغانستان کا راستہ دینے کی بجائے، حکومت پاکستان میں ہی ان کی عارضی رہائش کا انتظام کرے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ قبائلیوں کے افغانستان جانے سے وہ امریکی ہاتھوں میں استعمال ہو سکتے ہیں۔ حکومت انہیں تمام سہولیات ملک کے اندر فراہم کرے جیسے سوات آپریشن کے دوران کیا گیا تھا۔ آئی ڈی پیز کا افغانستان جانا جگ ہنسائی کا باعث ہو گا، کہیں ایسا نہ ہو کہ خدانخواستہ ماضی میں جہاد افغانستان کے دوران جو حال افغانیوں کا ہوا وہ حال ہمارے قبائلی بھائیوں کا ہو۔ پہلے ہم نے افغانیوں کو پناہ دی اور اب افغانی ہمیں پناہ دیں تو یہ بدقسمتی ہو گی۔ انہوں نے وفاقی اور خیبر پختونخواہ حکومتوں سے اپیل کی کہ آپریشن کے نتیجے میں انخلا کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کے لئے خاطر خواہ انتظامات کئے جائیں اور آپریشن کا دورانیہ مختصر رکھا جائے۔ جے یو پی نیازی کے سربراہ نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں فوج کا بھر پور سا تھ دیں۔ اورقوم کی تقسیم کے تاثر کو ختم کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 388279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش