0
Monday 2 Jun 2014 23:53

نواز لیگ پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسیوں کو ہماری کمزوری تصور نہ کرے، شرجیل میمن

نواز لیگ پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسیوں کو ہماری کمزوری تصور نہ کرے، شرجیل میمن
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کارویہ ناقابل برداشت ہو چکا ہے، سندھ کی ترقیاتی اسکیموں کو وفاقی حکومت کی جانب سے نظر انداز کئے جانے پر سندھ اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں قرارداد منظور کرائی جائیگی، مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں سے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انھوں نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔ شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت سندھ اور اس کے عوام کے ساتھ کھلم کھلا دشمنی پر اتر آئی ہے، سندھ اسمبلی کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کی ترقیاتی اسکیموں کو نظر انداز کئے جانے، سندھ کے خلاف متعصبانہ رویہ اور سندھ میں انتقامی طور پر لوڈشیڈنگ میں اضافے کے خلاف بھی قرار دادیں منظور کرائے گی۔ انھوں نے کہا کہ عوام کیلئے پینے کے پانی جیسی اسکیموں کو نظر انداز کرنا عوام دشمنی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدام خود وفاقی حکومت کا اپنے خلاف خود سازش کرنے کے مترادف ہے۔ انھوں نے مزید کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ساتھ انتقامی کارروائیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا، وفاقی حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کی مفاہمتی پالیسیوں کو ہماری کمزوری تصور نہ کرے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اس ملک میں آمریت کے خلاف اور جمہوریت کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہم اس ملک میں کسی صورت آمریت کو ہوا دینے والوں کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت 90کی دہائی کی سیاست کرنے کے بجائے ماضی سے سبق سیکھے اور عوام دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کرے۔
خبر کا کوڈ : 388628
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش