0
Wednesday 4 Jun 2014 15:34

شیعہ،سنی عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، حافظ محمد سعید

شیعہ،سنی عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، حافظ محمد سعید
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسرحافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں سوچی سمجھی سازش کے تحت قتل و غارت گری،فرقہ واریت لسانیت و علاقائیت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ فرقہ واریت اور گروہ بندیوں سے امت مسلمہ کا شیرازہ بکھر کر رہ گیا ہے۔ مسلمانوں پرکفر کے فتوے لگا کرقتل عام اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی۔ بیرونی قوتوں کی سازشوں سے باخبر رہنے اور اسلام کی صحیح دعوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے ہر گلی محلہ میں فساد پھیلانے کی کوششیں کسی صورت ان شاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔ وطن عزیز پاکستان کے خلاف سازشیں ناکام بنانے میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج کے شہداء کا بہت بڑا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعة الدعوة ملتان کے زیراہتمام مرکزسعد بن ابی وقاص نزدچوک کچہری ملتان میں کارکنان کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی اجتماع سے جماعةالدعوة کے مرکزی رہنما مولانا سیف اللہ خالد، نصرجاوید، امیرجماعة الدعوة جنوبی پنجاب پروفیسرعطاء اللہ، ضلعی امیر ملتان میاں سہیل احمد، عبدالرحمن سیاف ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ تربیتی اجتماع میں ضلع بھرسے جماعة الدعوة کے کارکنان اور ذمہ داران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمنان اسلام منظم سازشوں اور منصوبہ بندی کے تحت پاکستان کو میدان جنگ بنانے اور خانہ جنگی پروان چڑھانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ مصر، شام اور الجزائر کی طرح پاکستان میں بھی مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔ فتنہ تکفیراور فرقہ وارانہ قتل وغارت گری کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ شیعہ، سنی عوام اور فوج کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ان حالات میں مسلمانوں کا متحد ہوکرآگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔ اتحادو یگانگت کی فضاء پیدا کرنے میں ہی ہماری کامیابی کا راز مضمرہے۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ طیبہ پڑھنے والے سب ایک قوم ہیں، جن کے اندر علاقائیت اور وطنیت کے کوئی سلسلے نہیں ہیں۔ اس کلمہ پر سب متحد ہوجائیں توسب اختلافات ختم ہو جائیں گے۔ مسلمانوں میں کوئی سندھی، بلوچی، پنجابی اور پٹھان کا مسئلہ نہیں ہے۔ مسلمانوں کے آپس کے لڑائی جھگڑے نفاذ اسلام کے راستہ میں بہت بڑی رکاوٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ قتل وغارت گری کے خاتمہ اور اتحادویکجہتی کی فضاء پیدا کرنے کیلئے وطن عزیز پاکستان کے کونے کونے میں جائیں گے۔ قومیتوں اور لسانیت پرستی کی بجائے قوم کوکلمہ طیبہ کی بنیاد پر متحد کریں گے۔ فرقہ واریت، لسانیت اور قومیتوں کے جھگڑے ختم کرنے کیلئے جلد وسیع تر اتحاد قائم کریں گے۔ کلمہ طیبہ کی دعوت عام کرنے کیلئے کارکنان ہر پاکستانی شہری تک پہنچیں۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستان کا وجود شہداء کی قربانیوں کا مرہون منت اور ان کے خون کی برکت ہے۔ افواج پاکستان نے ملک کے دفاع کیلئے ہمیشہ لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ پوری قوم وطن عزیزکے تحفظ کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ شہداء کے وارث عظیم لوگ ہیں جنہوں نے اپنے بیٹے اللہ کی راہ میں قربان کئے ہیں۔ انڈیا پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے رشتوں کو منقطع کر کے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ حکومت پاکستان بیرونی سازشوں کو سمجھے اوران کے توڑ کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے وطن عزیز میں فرقہ واریت، وطنیت اور لسانیت کے ان سب بتوں کو پاش پاش کرنے کیلئے وسیع اتحاد قائم اور نظریہ پاکستان کیخلاف سازشوں کا توڑکرنا ہے۔ اس سے ان بنیادوں پراٹھنے والی تحریکیں دم توڑجائیں گی۔ امت مسلمہ اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ کیلئے سیسہ پلائی دیواربن کرکھڑی ہوجائے گی۔ عوام کاہرطبقہ ملک وملت کے دفاع کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ اغیارکی غلامی سے نکلے بغیر خطوں وملکوں کا تحفظ ممکن نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 389077
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش