0
Friday 6 Jun 2014 00:28

وفاقی حکومت نے سابق سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور کو پیمرا کا قائم مقام چیئرمین مقرر کردیا

وفاقی حکومت نے سابق سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور کو پیمرا کا قائم مقام چیئرمین مقرر کردیا
اسلام ٹائمز۔ وفاقی حکومت نے سابق سی سی پی او لاہور پرویز راٹھور کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا قائم مقام چیئرمین مقرر کر دیا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ پرویز راٹھور مستقل چیئرمین کی تقرری تک کام کرتے رہیں گے، جبکہ پرویز راٹھور اس وقت پیمرا میں سرکاری ممبر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل سابق چیئرمین پیمرا چوہدری رشید کو مالی بے ضابطگیوں کے الزام پر صدر ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر برطرف کر دیا تھا، وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں چوہدری رشید کی تقرری کو سپریم کورٹ کے احکامات کے منافی اور غیر شفاف قرار دیا گیا تھا، جس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔
واضح رہے کہ پیمرا میں اسسٹنٹ جنرل مینجر کے عہدے پر فرائض انجام دینے والے سہیل بھٹی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پرویز راٹھور کی بطور پیمرا ممبر تعیناتی کو چیلنج کر رکھا ہے، درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ پیمرا آرڈیننس کی روح سے ممبران کا تقرر صدر کا اختیار ہے، تاہم ان کی تقرری وزیراعظم نے کی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پرویز راٹھور کا تقرر 4 سال کے لئے کیا گیا ہے جبکہ ان کی عمر 64 سال ہے اور کسی بھی سرکاری ملازم کی عمر کی حد 65 سال ہوتی ہے، اگر پرویز راٹھور 4 سال تک اس عہدے پر برقرار رہے تو وہ سرکاری ملازمت کیلئے مقرر کی گئی عمر کی حد کی بھی خلاف ورزی کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 389491
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش