0
Friday 6 Jun 2014 22:22

ایران کشمیر حل میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، میرواعظ عمر فاروق

ایران کشمیر حل میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے، میرواعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ مسئلہ کشمیر کے حل میں ایران کو اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ ہند پاک سے بہتر تعلقات کی بناء پر تہران اہم رول ادا کرسکتا ہے، امام خمینیؒ کی 25ویں برسی کے موقعہ پر سرینگر کے ایک ہوٹل میں انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے یک روزہ سیمینار بعنوان ’’امام خمینیؒ مظلومین عالم کے ترجمان‘‘ منعقد ہوا، سیمینار میں ایران کے سفیر برائے ہند آقای غلام رضا انصاری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ میرواعظ عمر فاروق نے سمینار کی صدارت کی، اس موقعہ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ عمر نے امام خمینیؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا برپا کردہ انقلاب اور اسلامی نظام حکومت خلافت اسلامیہ کے خاتمے کے بعد احیائے اسلام کا واحد عملی نمونہ ہے، انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے جذبہ اسلامی کو اپنی سیاسی حکمت عملی کی بنیاد بناکر اپنے ہدف کو حاصل کیا، مسئلہ کشمیر کی حل میں پیش رفت کیلئے ایران کو اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ایران کے بھارت اور پاکستان دونوں سے تعلقات بہتر ہیں، انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشاء میں قیام امن کو دائمی طور پر لانے کیلئے ایران ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ کشمیری عوام کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے تاہم چاہتے ہیں کہ امن کے ساتھ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے، عمر فاروق نے تاہم کہا کہ تینوں فریقین مل بیٹھ کر اس مسئلہ کو حل کرنے پر بات کرسکتے ہیں، میر واعظ نے کہا کہ اگر عسکری و اقتصادی طور پر مستحکم دنیائے اسلام کے ممالک خصوصاً ایران،  پاکستان اور سعودی عربیہ کے درمیان دیرپا اور وسیع البنیاد اتحاد قائم ہوتا ہے تو یہ نہ صرف عالم اسلام کیلئے نیک شگون ہے بلکہ برسر جدوجہد محکوم مسلمانوں کیلئے حوصلہ افزا ثابت ہوسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو پُرامن طور حل کیا جائے کشمیری کسی ملک یا مذہب کے خلاف نہیں بلکہ اپنے حقوق کی بازیابی کی جدوجہد کرتے ہیں ہم اس خطے کے ممالک کے درمیان خصوصاً بھارت اور پاکستان کے درمیان بہتر رشتوں کے متمنی ہیں، انہوں نے کہا کہ اب جبکہ دونوں ممالک کے عوام نے ایک واحد جماعت کو اعتماد دیا ہے یہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سفیر برائے ہند غلام رضا انصاری امام خمینی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اتحاد ملی کے عظیم علمبردار اور صیہونیوں و صلیبیوں کے اسلام دشمن عزائم کو للکارنے والی عہد ساز شخصیت تھے، انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ کی کامیابی کا راز خدا پر توکل اور اپنے عوام پر اعتماد تھا جبکہ امام نے خدا پر توکل کیا اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوئے اور قوم انکے فرمودات پر عمل پیرا ہوئی، انہوں نے ایران، بھارت اور پاکستان میں مجوزہ گیس پائپ لائن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پائپ لائن کو نصب کرنے کا اصل مقصد اقتصادی فوائد کے برعکس تینوں ملکوں کے درمیان تعلقات بہتر بنانے کا تھا، انہوں نے برصغیر میں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کو قیام امن کی ضمانت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصر، پاکستان، ترکی اور سعودی عرب میں بہتر تعلقات مسلمانوں کے مسائل کا مدوا کر سکتی ہے، آقائے غلام رضا انصاری نے کہا کہ مغربی استعمار اب اسلام کو اپنے لئے سب سے بڑا خطرہ تصور کرتی ہے، لہٰذا امت مسلمہ میں انتشار اور نفاق پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان یہ برداشت نہیں کرسکتا کہ مغربی طاقتوں کے اشاروں پر جو کچھ مصر، شام، لیبیا اور عراق میں ہورہا ہے، انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن نے اپنے خطبۂ استقبالیہ میں امام خمینیؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاں کہ امام راحلؒ نے نہ صرف ایرانی قوم کی تقدیر بدل ڈالی بلکہ اپنے کردار و عمل اور افکار و نظریات سے مظلومین کی ترجمانی کی بلکہ چند مظلوم ترین بر سر جدوجہد مسلمونوں کی حماہت اور نصرت کو ایران کی حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا، انہوں نے کہا کہ اگر امام خمینیؒ مزید کچھ برس زندہ رہتے اور کشمیریوں کا جذبہ مزاحمت دیکھتے تو تحریک کشمیر کی حمایت کیلئے واضح اقدامات کرتے، اس موقعہ پر جماعت اسلامی کے ترجمان ایڈوکیٹ زاہد علی نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی نے محکوم قوموں کو پیغام دیا کہ جہد مسلسل سے کسی بھی طاقتور ظالم قوت کے پنجہ ہائے استبداد سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے، مولانا مسرور عباس انصاری نے کہا کہ قرآن کی نگاہ میں ہر وہ انسان مظلوم ہے جس کو اپنے حقوق سے طاقت کے بل پر دستبردار کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 389730
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش