QR CodeQR Code

نئی دہلی میں مقیم ایران کے سفیر جامع مسجد سرینگر میں

6 Jun 2014 22:22

اسلام ٹائمز: ایرانی سفیر نے اس شاہکار مسجد پاک کی تعمیر، فن، انفرادیت اور ندرت پر انتہائی شادمانی اور حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اس مسجد پاک کو فن تعمیر کا ایک نادر نمونہ اور اہل اسلام کیلئے ایک منفرد اور تاریخی اثاثہ قرار دیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر غلام رضا انصاری جو آج کل انقلاب اسلامی ایران کے بانی آیت اللہ خمینی کی 25ویں برسی کے سلسلے میں تقریبات میں شرکت کی غرض سے کشمیر کے دورے پر ہیں، انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق، سرکردہ حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور اپنے سفارتی اراکین کے ہمراہ جموں و کشمیر کی سب سے بڑی عبادتگاہ تاریخی جامع مسجد سرینگر گئے، اس موقعہ پر میرواعظ نے سفیر کا تاریخی جامع مسجد میں خوش آمدید کہتے ہوئے انکے کشمیر آمد اور ایران اور کشمیر کے مشترکہ ثقافتی، تہذیبی اور ملی رشتوں کا خاص طور پر ذکر کیا، وفد کے ارکان نے میرواعظ کی پیشوائی میں نماز ظہر ادا کی اور عالم اسلام کے جملہ مسائل اور مشکلات کے حل کیلئے دعائیں کی، ایرانی سفیر نے اس شاہکار مسجد پاک کی تعمیر، فن، انفرادیت اور ندرت پر انتہائی شادمانی اور حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے اس مسجد پاک کو فن تعمیر کا ایک نادر نمونہ اور اہل اسلام کیلئے ایک منفرد اور تاریخی اثاثہ قرار دیا، وفد کے ارکان بڑی باریک بینی اور دلچسپی و عقیدت سے مسجد پاک کے اندرون اور بیرون کا معائنہ کرتے رہے اور بانیوں کے کمال فن اور ذوق کی تعریف کی۔ اس موقعہ پر انجمن اوقاف جامع مسجد کے سرکردہ اراکین اور کارکنوں نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اخروٹ کی لکڑی سے تیار کردہ کشمیر کی شہرہ آفاق دستکاری سے تیار کردہ جامع مسجد کا ماڈل اور جامع مسجد کی تاریخ اور تعمیر کے حوالے سے شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروق کی مرتب کردہ تاریخی دستاویز اور انکی تصانیفات جن میں اسلام کے بنیادی تعلیمات، اسلام کے احسانات اور اسلام کا آفاقی پیغام اور دیگر لٹریچر شامل ہیں پیش کی گئیں، مہمان سفیر اور دیگر اراکین نے میرواعظ عمر فاروق اور کشمیریوں کے مہمان نوازی کی بے حد تعریف کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 389732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/389732/نئی-دہلی-میں-مقیم-ایران-کے-سفیر-جامع-مسجد-سرینگر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org