3
0
Saturday 7 Jun 2014 23:31

پاراچنار انتظامیہ نے ناانصافیوں کی تمام سرحدیں عبور کی ہیں، علامہ عابد حسینی

پاراچنار انتظامیہ نے ناانصافیوں کی تمام سرحدیں عبور کی ہیں، علامہ عابد حسینی
اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی میں بےدخل خاندانوں کی آباد کاری جاری ہے، اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ نے ہر قسم کے انتظامات کو آخری شکل دی ہے، حکومت کے مطابق پہلے مرحلے میں شلوزان تنگی کے منگل قبائل کے 200 سے زائد خانوادوں کو لا کر انکے لئے کھانے پینے، ٹینٹوں اور سکیورٹی کے تمام انتظامات کئے جا چکے ہیں، تاہم مقامی طوری بنگش قبائل کے عمائدین، مشران قوم اور علماء کرام کو اس حوالے سے کافی خدشات اور تحفظات ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ حکومت نے آبادکاری کے سلسلے میں انصاف سے کام نہیں لیا۔ اس حوالے سے اسلام ٹائمز کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے تحریک حسینی کے سپریم لیڈر، سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسینی کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ناانصافی کی سینچری مکمل کرلی۔ انکا کہنا تھا کہ 1997ء میں ہمارے سینیٹ کے زمانے سے لیکر اب تک حکومت ہمارے ساتھ مسلسل وعدے کرتی رہی ہے کہ 1983ء سے اپنے گھروں سے مہاجر ہونیوالے، اہلیان صدہ کو جلد از جلد بحال کیا جائے گا۔ لیکن 31 سال گزرنے کے باوجود آج تک انکی بحالی کے لئے کوئی اقدام نہیں کیا جا رہا۔ نیز طوری بنگش قبائل جہاں سے بھی بےدخل ہوئے ہیں، انکی کوئی بات تک نہیں کی جاتی۔ 

علامہ حسینی کا مزید کہنا تھا کہ گوبزانہ، بوشہرہ کے بعض دیہات، صدہ، سیدانو کلے، جیلمئے کے علاوہ ہمارے بالش خیل کے مسئلے پر تو کوئی توجہ نہیں دی جا رہی جبکہ جن قبائل نے طالبان کو پناہ دے کر نہ فقط ہمارے اوپر چڑھائی کی بلکہ خود سرکار بھی انکی جارحیت سے محفوظ نہیں رہی، آج حکومت انہی لوگوں کی ترجمانی کر رہی ہے۔ علامہ عابد حسینی نے کرم ایجنسی میں طالبان کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو علاقے کے امن و امان کے لئے کھلا خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج طالبان اسلحے کی نمائش کرتے ہوئے سرکاری پھاٹکوں سے گزرتے ہیں، جبکہ پاراچنار شہر یا اطراف میں مقامی افراد کو چاقو سمیت بھی گھومنے پھرنے کی اجازت حاصل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک بھر میں قومی اور مذھبی تنظیموں سے رابطہ کیا ہے کہ کرم ایجنسی کی مظلوم طوری قبیلے کی آواز کو میڈیا کے ذریعے دنیا کے گوشے گوشے تک پہنچانے کے لئے پریس کانفرنسوں کا اہتمام کیا جائے۔ نیز ضرورت پڑنے پر ملک گیر احتجاجات کا بھی اہتمام کیا جائے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ علماء نے انہیں ہر قسم کے تعاون کی یقین دھانی کرائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 390092
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

سید کی بات پر فوری لبیک کہنا ہر مومن کا شرعی وظیفہ بنتا ہے۔
mujahid syed ko salam.
zabardast
ہماری پیشکش