0
Sunday 8 Jun 2014 10:36

آزاد کشمیر میں 20ہزار میگاواٹ سے زائد ہائیڈرل جنریشن کی گنجائش موجود ہے، بازل نقوی

آزاد کشمیر میں 20ہزار میگاواٹ سے زائد ہائیڈرل جنریشن کی گنجائش موجود ہے، بازل نقوی
اسلام ٹائمز۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات، زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں 20ہزار میگاواٹ سے زائد ہائیڈرل جنریشن کی گنجائش موجود ہے۔ آزاد کشمیر میں 9ہزار سے زائد میگاواٹ منصوبے Identified ہو چکے ہیں اور 4ہزار سے زائد میگاواٹ پر جلد کام شروع ہو جائے گا۔ تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں حکومت انہیں آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کرنے پر ترجیحی سہولتیں مہیا کرے گی۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو ہمارے قائد ہیں جن کی ولولہ انگیز قیادت میں پاکستان ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے تعلیم، صحت، سیاحت اور ہائیڈرل پاور کے شعبوں پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں تمام مقرر کردہ اہداف حاصل کر لئے جائیں گے۔ بیرون ملک مقیم کشمیری ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں وہ ہائیڈرل اور ٹورازم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں جن میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ افوج پاکستان کے جذبے کو خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ سید بازل علی نقوی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر جنت نظیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے حکومت ان وسائل سے بھرپور استفادہ کرکے عوام کو تمام جدید سہولتیں مہیا کرے گی۔ 

ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا بھارت کنٹرول لائن پر جارحیت کو فروغ دے رہا ہے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اپنے دورہ نیویارک کے دوران عالمی برادری کو بھارت کی اشتعال انگیزی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت باز نہ آیا تو اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ دفاع وطن کے لئے ان کی قربانیاں لازوال ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سید بازل علی نقوی نے کہا کہ محترمہ شہید بے نظیر بھٹو سے ملاقاتیں میری زندگی کا حسین سرمایہ ہیں وہ مجھے بیٹا کہہ کر بلاتی تھیں، میرے خاندان کے لوگ پیپلز پارٹی کے بانیان میں سے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹورازم کے فروغ کے لئے ایسی پالیسی مرتب کی ہے جس کو عملی جامعہ پہنانے سے آزادکشمیر سیاحت کا بین الاقوامی مرکز بنے گا۔ میزبان کے ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے دیگر صحت افزاء مقامات پر سیاحتی کمپلیکس تعمیر کیے جائیں گے اور بین الاقوامی سیاحوں کی سہولت کے لئے سیاحتی مراکز قائم کریں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ 3 میڈیکل کالج، 3 یونیورسٹیاں، کوہالہ شاہراہ، متعدد ہائیڈرل منصوبے اور 10 ہزار اسامیوں کی تخلیق عوامی حکومت کی ایسی شاندار کارکردگی ہے جس کا ماضی کی کوئی بھی حکومت مقابلہ نہیں کر سکتی۔
خبر کا کوڈ : 390180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش