QR CodeQR Code

دیر سے شدت پسندوں کا صفایا، بونیر میں آپریشن شروع کر دیا گیا ،جنرل اطہر عباس

28 Apr 2009 19:24

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ دیر میں آپریشن مکمل ہوگیا ہے، جبکہ آج شام چار بجے بونیر میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مالا کنڈ ڈویژن کی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا


اسلام آباد......آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل اطہر عباس نے کہا ہے کہ دیر میں آپریشن مکمل ہو گیا ہے، جبکہ آج شام چار بجے بونیر میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔  مالا کنڈ ڈویژن کی صورتحال پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوئر دیر سے شدت پسندوں کو نکال دیا گیا ہے۔ اس آپریشن کے دوران 75شدت پسند مارے گئے ،جبکہ سکیورٹی فورسز کے 10اہلکار شہید ہوئے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کے حکم پر بونیر میں آج شام چار بجے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جوکہ شدت پسندوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی جی ایف سی آپریشن کی کمانڈ کر رہے ہیں جبکہ اس میں پاکستان آرمی اور ایف سی کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔لڑاکا طیارے استعمال کیے جارہے ہیں۔ بونیر میں مختلف علاقوں میں 500کے قریب عسکریت پسند موجود ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شرپسندوں کو نامعلوم ذرائع سے رقم اور اسلحہ مل رہا ہے۔ ان کے پاس جدید مواصلاتی آلات بھی موجود ہیں۔بونیر کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ بونیر کے عوام خوف و ہراس کی فضا میں زندگی گزار رہے تھے،بار بار کی تنبیہ کے باوجود شدت پسندوں نے دکھاوے کا انخلاء کیا۔انہوں نے عورتوں کی نقل و حرکت محدود کر رکھی تھی۔پہاڑوں پر میں مورچے بنا رہے تھے اور نوجوانوں کو زبردستی پکڑ پکڑ کر بھرتی کیا جا رہا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند اسلام آباد نہیں پہنچ سکتے ،صوفی محمد کے بارے میں علم نہیں کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 3902

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/3902/دیر-سے-شدت-پسندوں-کا-صفایا-بونیر-میں-آپریشن-شروع-کر-دیا-گیا-جنرل-اطہر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org