QR CodeQR Code

کمانڈوز نے آپریشن کرکے 10 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا

کراچی ایئر پورٹ سے دہشتگردوں کا مکمل صفایا، حملے میں 20 افراد شہید، 26 زخمی

9 Jun 2014 13:56

اسلام ٹائمز: منظم، تجربہ کار اور بیرونی ساخت کے اسلحے سے لیس دہشتگردوں نے رات گئے کراچی ائر پورٹ پر حملہ کیا۔ دہشتگرد ہائی روف پر سوار ہو کر اولڈ ٹرمینل پر پہنچے۔ دہشتگردوں نے پہلا حملہ گیارہ بج کر بیس منٹ پر کسٹم کلیئرنگ گیٹ پر کیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج، رینجرز اور دیگر سکیورٹی اداروں نے پانچ گھنٹے کے آپریشن کے بعد کراچی ائیر پورٹ سے دہشتگردوں کا صفایا کر دیا۔ دہشتگردوں کے حملے میں 20 شہید، 26 زخمی ہوگئے تھے۔ کراچی ایئر پورٹ کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔ حملہ آور دستی بم پھینکتے اور فائرنگ کرتے ہوئے اولڈ ٹرمینل سے داخل ہوئے۔ فائرنگ سے 7 اے ایس ایف اہلکاروں سمیت 20 افراد شہید ہوگئے۔ حملے کے دوران تمام حملہ آور دہشت گرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ منظم، تجربہ کار اور بیرونی ساخت کے اسلحے سے لیس دہشت گردوں نے رات گئے کراچی ائر پورٹ پر حملہ کیا۔ دہشت گرد ہائی روف پر سوار ہو کر اولڈ ٹرمینل پر پہنچے۔ دہشت گردوں نے پہلا حملہ گیارہ بج کر بیس منٹ پر کسٹم کلیئرنگ گیٹ پر کیا۔ سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی تو دہشت گردوں نے پسپائی اختیار کرتے ہوئے دوسرا حملہ اصفہانی گیٹ پر کر دیا اور دستی بم پھینکتے اور فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی سمیت رن وے میں داخل ہوگئے۔ دہشت گردوں نے رن وے پر فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رکھا۔ دھماکوں سے آگ بھڑک اٹھی اور ایئر پورٹ سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے رہے۔ فائرنگ سے ائر پورٹ کا علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا۔
 
پاک فوج اور رینجرز کے کمانڈوز نے آپریشن کر کے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دہشت گردوں نے بھاری بیگ لٹکا رکھے تھے۔ زیادہ تر دہشت گردوں نے کالے کپڑے اور جوگرز پہن رکھے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد خودکش جیکٹس، آر پی جی، راکٹوں اور بھاری اسلحے سے لیس تھے۔ دہشت گردوں کو دو علاقوں میں محصور کرکے ہلاک کیا گیا، جن کی لاشیں جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ حملہ آوروں کے قبضے سے ایک راکٹ لانچر، دستی بم، پٹرول بم، ڈیٹونیٹر، ایس ایم جیز، میگزین کے پٹے، بھاری بیگ اور 9 آوان گولے بھی ملے ہیں۔ دہشت گردوں کے پاس کھانے پینے کے سامان میں کھجوریں، چنے اور سوکھی روٹیاں بھی موجود تھیں جو رن وے کے اطراف موجود شیڈز کے نیچے پناہ گاہ بنائے بیٹھے تھے۔ دو سے تین دہشت گردوں نے ہاتھوں میں کڑے بھی پہن رکھے تھے۔ دہشتگرد اپنے ساتھ خون جما دینے والے انجکشن بھی لائے تھے. حملہ آوروں کے زیر استعمال اسلحہ کے فنگر پرنٹس لئے جائیں گے۔ 

کراچی ایئر پورٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کرکے ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ جناح ہسپتال کی ایمرجنسی عام شہریوں کے لئے بند کر دی گئی ہے۔ کراچی ائر پورٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں شہید ہونے والوں میں 7 کا تعلق اے ایس ایف، 6 کا تعلق پی آئی اے، ایک رینجر اہلکار، ایک پولیس اہلکار اور ایک کا نجی ایئر لائن سے ہے۔ جناح ہسپتال لائی جانے والی لاشوں میں اے ایس ایف کے محمد اعظم، محمد اقبال، منتظر، عبدالمالک، طارق محمود اور محمد سرور شامل ہیں۔ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے فخر الحسن، مظفر، فضل محمود، محمد الیاس، تنویر، فرخ حسین اور مرتضٰی شاہ شامل ہیں۔ رینجرز اہلکار کی شناخت دل مراد کے نام سے ہوئی ہے۔ شاہین ایئر لائن کے عبدالخالق بھی شہداء میں شامل ہیں جبکہ دو شہیدوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔


خبر کا کوڈ: 390432

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/390432/کراچی-ایئر-پورٹ-سے-دہشتگردوں-کا-مکمل-صفایا-حملے-میں-20-افراد-شہید-26-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org