QR CodeQR Code

مذاکرات کے راستے ہر وقت کھلے رہتے ہیں، خواجہ سعد رفیق

10 Jun 2014 07:18

اسلام ٹائمز: نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ کچھ غیر ملکی ہمارے ملک میں گھس آئے ہیں، جن کے پیچھے بیرونی طاقتیں ہیں، ان کے خلاف طاقت کا استعمال کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مذاکرات کے راستے آئین کے دائرے میں رہ کر ہر وقت کھلے رہتے ہیں، تاہم بسا اوقات طاقت کا استعمال ضروری بن جاتا ہے، عمران خان بچگانہ سیاست کر رہے ہیں، ان سے ملاقات ہو سکتی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات ختم نہیں ہوئے مذاکرات کے راستے ہر وقت کھلے رہتے ہیں، تاہم بعض جگہ طاقت کااستعمال بھی ضروری بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ غیر ملکی ہمارے ملک میں گھسے ہوئے ہیں، جن کاایجنڈا بھی الگ ہے اور ان کے پیچھے بیرونی طاقتیں ہیں۔ ان لوگوں کے خلاف طاقت کااستعمال ہو سکتا ہے اور جو لوگ آئین کے دائرے میں رہ کر مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ان سے بات چیت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ فوج حکومت کاحصہ ہے اور دہشتگردی کے خلاف اہم کردار ادا کر رہی ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہے۔ خواجہ سعد نے کہا کہ عمران خان سیاست میں نابالغ ہیں اور بچگانہ سیاست کر رہے ہیں۔ وہ جلسے کرکے خود بھی خراب ہو رہے ہیں اور ملک کو بھی خراب کر رہے ہیں۔ وہ اپنے کارکنوں کو بے مقصد منزل کی جانب لے جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنے مرضی جلسے کرلیں انہیں دوچار جلسوں بعد خود ہی ہوش آجائیگا۔ ابھی جلسوں کا سیزن نہیں۔ ایک سوال پر کہا کہ سیاست دانوں کی ملاقاتیں ہوتی رہی ہیں۔ عمران خان سے بھی ملاقات ہوسکتی ہے اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 390674

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/390674/مذاکرات-کے-راستے-ہر-وقت-کھلے-رہتے-ہیں-خواجہ-سعد-رفیق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org