0
Wednesday 11 Jun 2014 08:53

کشمیر کونسل کے فنڈز آزاد کشمیر میں خرچ ہوں گے

کشمیر کونسل کے فنڈز آزاد کشمیر میں خرچ ہوں گے
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خاں کی وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد نواز شریف سے پیر کی سہ پہر تفصیلی ملاقات ہوئی۔ جس میں  مسئلہ کشمیر، آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس، لوڈشیڈنگ سے استثنی اور ٹورازم سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو دورہ آزاد کشمیر کی دعوت بھی دی۔ تفصیلات کے مطابق صدر سردار محمد یعقوب خان نے مسئلہ کشمیر پر دوٹوک موقف اختیار کرنے، پہلی مرتبہ جموں و کشمیر کونسل کا اجلاس مظفرآباد منعقد کرنے اور آزاد کشمیر کے متعدد میگا پراجیکٹس کے لیے وفاقی بجٹ میں خطیر رقوم مختص کرنے پر وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ جس پر وزیراعظم پاکستان نے یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لایا جائے گا۔ کشمیری عوام ہمیں دل و جان سے عزیز ہیں۔

صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم پاکستان کو بتایا کہ آزاد کشمیر کو صرف 400 میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے جبکہ آزادکشمیر میں ہائیڈروپاور کے مختلف منصوبوں سے 2 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی پیدا ہوتی ہے۔ اس لیے آزاد کشمیر کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دیا جائے تاکہ وہاں محدود پیمانے پر کاروبار اور چھوٹی موٹی صنعتیں کام جاری رکھ سکیں۔ جس پر وزیراعظم نے ہمدردانہ غور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے صدر آزاد کشمیر کی گزارشات کو بغور سننے کے بعد وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر سیاحوں کیلئے پرکشش مقامات کی نشاندہی کرے اور ان مقامات کی ترقی اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے جامعہ منصوبہ بنا کر پیش کرے۔ وفاقی حکومت ان علاقوں کو بہترین سیاحتی مقام بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک کے حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں جیسے ہی صورتحال معمول پر آئے گی میں آزاد کشمیر کا تفیصلی دورہ کر کے مقامی ضروریات کا جائزہ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہماری اپنی حکومت ہے ہم اسے کسی صورت مایوس نہیں ہونے دیں گے کشمیر کونسل کے فنڈز آزاد کشمیر میں خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی شاہرات اور میگاپراجیکٹس کو وفاقی حکومت مکمل کرائے گی۔
خبر کا کوڈ : 390941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش