QR CodeQR Code

متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل کا حل نہ ہونا ناانصافی ہے، عبدالرشید ترابی

11 Jun 2014 09:12

اسلام ٹائمز: میرپور میں نیو سٹی کے آبادکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر کا کہنا تھا کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے ہوتے ہوئے ہمارے مسائل حل ہونے کی بجائے ان میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، ظلم اور ناانصافی کا بازار گرم ہے میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ متاثرین منگلا ڈیم کے مسائل تاحال حل نہ ہونا ظلم اور انتہائی ناانصافی ہے، اہل میرپور نے دو مرتبہ اپنے آباؤ اجداد کی قبروں کو ڈبو کر کشمیر اور پاکستان کو روشن کیا۔ حکومت پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سٹی کے سیکٹر A ,B اور F کے مکینوں کے ساتھ ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر ضلع مولانا عتیق الرحمن بھی موجود تھے۔ نیو سٹی میں آباد ہونے والے نئے آباد کاروں نے عبدالرشید ترابی کو مسائل سے آگاہ کیا اور کہا کہ وہ شدید مسائل کا شکار ہیں حکومت اور اس کے ادارے اس طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے۔

اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کرپٹ اور فرسودہ نظام کے ہوتے ہوئے ہمارے مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ظلم اور ناانصافی کا بازار گرم ہے میرٹ کا قتل عام ہو رہا ہے، جب تک اس نظام کو تبدیل نہیں کریں گے ہماری حالت بہتر نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اللہ کی سنت بھی ہے کہ جب تک لوگ کھڑے ہو کر اپنے حالات خود بدلنے کی کوشش نہیں کریں گے تو اللہ کی طرف سے مدد نہیں آئے گی اللہ بھی ان کی مدد کرتے ہیں جو اپنی حالت خود بدلنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس نظام کو ختم کر کے اس کی جگہ اسلام کا عادلانہ اور منصفانہ نظام قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے آپ لوگ اس کے دست و بازو بنیں اس میں شامل ہوں تاکہ رائے عامہ منظم کر کے حقیقی انقلاب برپا کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد خطے کے عوام پر دوہری ذمہ داری ہے ایک یہاں کے حالات بہتر کرنا عوام کے مسائل حل کرنا اور دوسری ذمہ داری یہ ہے کہ بقیہ کشمیر کو آزاد کروانا اور ہندوستان کے پنجہ استبداد سے اپنے بھائیوں کو نجات دلانا۔ یہ خطہ ہمارے آباؤ اجداد نے اسلام کے لیے حاصل کیا تھا اور ابھی تک وہ مقاصد حاصل نہیں ہوئے جس کے لیے قربانیاں دی گئیں تھیں۔ عبدالرشید ترابی نے کہا کہ جس طرح عوام نے 1947ء میں علاقوں برادریوں کے تعصبات سے بالاتر ہو کر جدوجہد کی تھی اسی طرح ایک بار پھر اس نظام کی تبدیلی کے لیے بھی تمام تعصبات سے بالا تر ہو کر جدوجہد کریں تاکہ اسلام کے عادلانہ نظام کا نفاذ ہو اور عوام کے مسائل حل ہوں۔


خبر کا کوڈ: 390947

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/390947/متاثرین-منگلا-ڈیم-کے-مسائل-کا-حل-نہ-ہونا-ناانصافی-ہے-عبدالرشید-ترابی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org