QR CodeQR Code

پاک افغان سرحد،طورخم کے راستے نیٹو کو سپلائی آج چھٹے روز بھی معطل

5 Oct 2010 12:10

اسلام ٹائمز:نیٹو کنٹینرز پر حملوں کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان نے نیٹو کے آئل ٹینکرز پر حملوں کو عوامی رد عمل قرار دیا ہے۔اور کہا ہے کہ لوگوں کا غصہ ٹھنڈا ہونے اور سپلائی لائن کی حفاظت یقینی بنانے کے بعد ہی طورخم کے راستے نیٹو کو رسد کی سپلائی بحال کی جائیگی


 پشاور:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق پاک افغان سرحد طورخم کے راستے نیٹو کو سپلائی آج چھٹے روز بھی معطل ہے،جس کے باعث سینکڑوں سامان سے بھرے کنٹینرز طورخم بارڈر پر کھڑے ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق نیٹو کا سامان لے جانے والے کنٹینرز کی کلئیرنس آج بھی معطل ہے جس کی وجہ سے ان کنٹینرز کو افغانستان جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی،اور پاک افغان سرحد طورخم پر سینکڑوں نیٹو کنٹینرز افغانستان جانے کے لئے تیار کھڑے ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق طورخم کے راستے نیٹو کی سپلائی اتحادی افواج کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزی کے واقعات کے بعد معطل کی گئی تھی۔دوسری جانب نیٹو کنٹینرز پر حملوں کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان نے نیٹو کے آئل ٹینکرز پر حملوں کو عوامی رد عمل قرار دیا ہے۔اور کہا ہے کہ لوگوں کا غصہ ٹھنڈا ہونے اور سپلائی لائن کی حفاظت یقینی بنانے کے بعد ہی طورخم کے راستے نیٹو کو رسد کی سپلائی بحال کی جائیگی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیٹو افواج کی جانب سے گزشتہ ہفتے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کے بعد چھٹے روز بھی افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کو سامان اور تیل کی ترسیل معطل ہے۔ملک کے مختلف علاقوں میں ہزاروں آئل ٹینکرز اور کنٹنیرز سامان سے بھرے کھڑے ہیں۔پاک افغان سرحد طورخم،رنگ روڈ ٹرمینل پشاور،ازاخیل کیمپ نوشہرہ اور دیگر مقامات پرکنٹینرز روک دیئے گئےہیں۔دو روز قبل اسلام آباد کے قریب نیٹو کنٹینرز پر حملے کے بعد کنٹینرز ڈرائیورز اور مالکان میں سیکورٹی کے حوالے تشویش پائی جاتی ہے۔گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیٹو سیکریٹری جنرل آندرے رسموسین سے ملاقات کی تھی،جس میں نیٹو کی جانب سے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر سخت احتجاج کیا گیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 39237

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/39237/پاک-افغان-سرحد-طورخم-کے-راستے-نیٹو-کو-سپلائی-آج-چھٹے-روز-بھی-معطل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org