QR CodeQR Code

ایران عراق میں امریکی مداخلت کا سختی سے مخالف ہے، مرضیہ افخم

16 Jun 2014 08:38

اسلام ٹائمز: تہران میں میڈیا سے گفتگو میں ایرانی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ قطعی طور پر وہ ممالک جو عراق میں بدامنی کے ذمہ دار ہیں، ان سے کسی قسم کی مدد و حمایت کی توقع نہيں رکھنی چاہئے۔


اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے کہا ہے کہ عراق کے انتخابات میں عوام کی کامیابی بعض ممالک کے لئے ناقابل تحمل تھی، اسی لئے انہوں نے عراق میں دہشت گردانہ حملوں کے ذریعے حالات خراب کئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس امر پر تاکید کرتے ہوئے کہ ایران،  عراق میں جاری صورتحال کا حساسیت اور گہرائی کے ساتھ جائزہ لے رہا ہے، کہا کہ بلاشبہ عراق میں یہ صورتحال، اس ملک کے سیاسی عمل میں تبدیلی لانے اور اثرانداز ہونے کے مقصد سے پیدا کی گئی ہے اور ثبوت و شواہد سے بھی اس امرکی نشاندہی ہوتی ہے کہ امریکہ، عراق کی موجودہ صورتحال سے غلط فائدہ اٹھانے اور انتخابات کے نتائج کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔
 
محترمہ مرضیہ افخم نے کہا کہ قطعی طور پر وہ ممالک جو عراق میں بدامنی کے ذمہ دار ہیں، ان سے کسی قسم کی مدد و حمایت کی توقع نہيں رکھنی چاہئے۔ اسی لئے اسلامی جمہوری ایران عراق میں امریکی مداخلت کا سختی سے مخالف ہے۔ دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے افغانستان کے دوسرے دور کے صدارتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر افغان حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ محترمہ مرضیہ افخم نے کہا کہ افغان عوام کے منتخب صدر کو اسلامی جمہوری ایران کی حمایت حاصل رہے گی اور اسلامی جمہوری ایران افغانستان کے ساتھ مضبوط روابط کا خواہاں ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان کے دوسرے دور کے صدارتی انتخابات ہفتے کے روز ہوئے، ان انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان دو جولائی کو اور حتمی نتائج کا اعلان اس کے بیس روز بعد کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 392404

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/392404/ایران-عراق-میں-امریکی-مداخلت-کا-سختی-سے-مخالف-ہے-مرضیہ-افخم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org